مودی نے نیشنل فلم ایوارڈ فاتحین کو مبار ک باد دی

نئی دہلی، 4 ؍مئی(آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریندر مودی نے نیشنل فلم ایوارڈ فاتحین کو آج مبارکباد دی اور ان کی فنکارانہ صلاحیتوں اور سنیما میں ان کی خدمات کی تعریف کی۔انہوں نے ٹوئٹ کیا،میں نیشنل فلم ایوارڈ پانے والے سبھی فاتحین کو مبارکباد دیتا ہوں،ہمیں ان کی فنکارانہ صلاحیت اور سنیما میں ان کی شراکت پر فخر ہے۔مودی نے فلمساز اور اداکار کے وشیو ناتھ کی خصوصی طور پر تعریف کی جنہیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔وزیر اعظم نے ٹوئٹ کیا،مسٹر کے وشیو ناتھ نے ایک بہترین فلم ساز کے طور پر اپنی شناخت بنائی ہے، میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازے جانے پر انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔صدر پرنب مکھرجی نے ایوارڈیافتگان کو کل یہاں نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازاتھا۔بالی وڈ اداکار اکشے کمار کو ’رستم‘میں محب وطن بحریہ افسر کا کردار ادا کرنے کے لیے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیاہے اور رام مادھوانی کی ہدایت کاری میں بنی فلم ’نیرجا‘کو بہترین ہندی فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔راجیش ماپسکر کو ان کی فلم ’وینٹی لیٹر‘کے لیے بہترین ڈائریکٹر منتخب کیا گیا اور ایم سربھی کو ملیالم فلم ’منامننگو-دی فائرفلائی‘میں ان کے موثر کردار کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔