مودی کابینہ میں توسیع آج ، اپنا دل کی انوپریاکومل سکتی ہے جگہ

نئی دہلی، 4؍جولائی(آئی این ایس انڈیا )مودی حکومت میں پھیربدل اورتوسیع کا عمل کل اختتام پذیرہوگا اور اس میں اگلے سال ہونے والے اترپردیش اسمبلی انتخابات کے پیش نظر دلت چہروں پرخاص توجہ مرکوز رہنے کا امکان ہے۔کابینہ میں شامل کئے جانے والے جن ناموں پربحث ہو رہی ہے ان میں انو پریا پٹیل کانام اہم ہے۔ اوبی سی لوک سبھا رکن اتحادی پارٹی اپنا دل کی رکن ہیں۔انو پریااورکئی دوسرے بی جے پی لیڈروں نے آج پارٹی سربراہ امت شاہ سے ملاقات کی۔بی جے پی کی جانب سے ایس ایس اہلووالیہ(لوک سبھا) وجے گوئل(راجیہ سبھا ) اورراجستھان کے بیکانیرسے دلت ممبرپارلیمنٹ پی پی چودھری کا نام شامل ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اتراکھنڈ سے دلت لوک سبھا رکن اجے ٹمٹا، گجرات سے راجیہ سبھا رکن پرشوتم روپالا، مہاراشٹرسے راجیہ سبھا رکن رام داس اٹھاؤلے،اتر پردیش سے ممبرپارلیمنٹ مہندر ناتھ پانڈے بھی ممکنہ ناموں میں شامل ہیں۔اتر پردیش اوراتراکھنڈمیں اگلے سال انتخابات ہونے والے ہیں۔اتر پردیش سے دلت بی جے پی ممبرپارلیمنٹ کرشن راج کی بھی قسمت کھل سکتی ہے۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ کچھ وزراء کو باہر کا راستہ دکھایا جا سکتا ہے، تاہم بڑے وزراء کو نہیں چھیڑا جائے گا۔حکومت کے چیف ترجمان فرینک نورونہا نے آج ٹوئٹ کیا کہ کابینہ کی توسیع کا کام کل صبح 11بجے ہوگا ۔گزشتہ کئی ہفتوں سے مودی کابینہ میں توسیع کی بحثیں جاری تھیں اور ایسی قیاس آرائیاں لگائی جا رہی تھیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر یوپی سے نئے چہروں کو شامل کر سکتے ہیں۔وزیر کھیل سربانند سونوال کے آسام کا وزیراعلیٰ بننے کے بعدکابینہ میں ایک جگہ پہلے ہی خالی ہے۔مئی 2014میں مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے یہ کابینہ کی دوسری توسیع ہوگی۔پہلی توسیع نومبر 2014میں ہوئی تھی ۔اس وقت وزیر اعظم سمیت 64مرکزی وزراء ہیں اور آئینی نظام کے تحت زیادہ سے زیادہ 82وزیر ہو سکتے ہیں۔