مودی کے کاموں کو دنیا حیرت سے دیکھ رہی ہے: یوگی

گورکھپور 26 مئی (یو این آئی) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ مرکزی حکومت کی تین برس کی مدت کے دوران اندرونی اور عالمی شعبہ میں ہوئے ترقیاتی کاموں کو دنیا حیرت سے دیکھ رہی ہے۔ مسٹر یوگی نے آج یہاں مقامی مہارانا پرتاپ انٹر کالج کے احاطہ میں منعقد جلسہ عام میں مرکزی حکومت کی کامیابیاں گناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ تین برسوں میں جو کامیابیاں درج کی ہیں وہ سب کے لئے مثالی ہیں اور دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت ہندستان کوحیرت سے دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی پالیسیوں اور پروگراموں پر امریکہ، چین اور پاکستان جیسے ملک ہندستان کی طاقت سے واقف ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی تین برس کی مدت میں حکومت کے کسی بھی وزیر پر کسی بھی مخالف نے انگلی نہیں اٹھائی ہے۔