میٹرک میں 50 فیصد بچے کامیاب،پریم کمار بنے بہار ٹاپر

پٹنہ 22 جون (تاثیربیورو):ں بہار اسکول اکزامنیشن بورڈ نے دسویں کے امتحانات کا اعلان کردیا گیا ہے۔نتائج کا اعلان محکمہ تعلیم کے سکریٹری اور بورڈ کے چیئرمین آنند کشور نے کیا۔ اس بار پچھلے سال کے مقابلے میں کچھ بہتر ریزلٹ ہواہے اور تقریباََ 50.12 فیصد کامیاب قرار دیئے گئے ہیں۔ اس کے باوجود تقریباََ آدھے امیدوار ناکام ہوگئے ہیں۔لڑکوں کی کامیابی کا تناسب 51.37 فیصد ہے۔ جبکہ لڑکیوں کا 40 فیصد ہے۔اس بار مجموعی طور پر 15لاکھ سے زیادہ امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا تھا جن میں سے 8لاکھ 56 ہزار سے زیادہ بچے کامیاب ہوئے ہیں۔ان میں سے 13.91 فیصد امیدوار پہلے درجے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ 26.88 سیکنڈ ڈویژن اور 9.3 فیصد تیسرے درجے میں پاس ہوئے ہیں۔گذشتہ سال 47.15 فیصد ریزلٹ ہوا تھا اور محض 10.8 فیصد امیدوار ہی فرسٹ ڈویژن سے کامیاب ہوئے تھے۔ لکھی سرائے کے پریم کمار نے بورڈ میں ٹاپ کیا ہے۔ انہوں نے 500 میں 465 نمبر حاصل کئے ہیں۔ دوسرے نمبر پرسملتلا رہائشی اسکول کی بھویہ کماری آئی ہیں۔انہیں 464 نمبر ملے ہیں۔ تیسرے نمبر پر 462 نمبر لے کر اسی اسکول کی ہرشیتا کماری قابض ہیں۔ چوتھے نمبر پر انیل کمار رائے ہیں جنہیں 460 نمبر ملے ہیں۔ پانچویں نمبر اتنے ہی نمبروں کے ساتھ بشن پور کے ایس جے آر ہائی اسکول کے شوبھم کمار پانڈے ہیں۔ چھٹے نمبر پر سملتلا ہائی اسکول کے شیوم کمار ہیں۔ ساتویں پر اسی اسکول کے دیپا لوک کوشک ہیں۔ آٹھویں نمبر پر مانوگوپال بھی اسی اسکول کے ہیں۔ ستیہ جیت کمارنویں اور پرگیا آنند دسویں نمبر پر ہیں۔