نئے موٹر وھیکل قانون سے سڑک حادثے کم ہوں گے: گڈکری

نئی دہلی، 07 اپریل (یو این آئی) ملک کے ٹرانسپورٹیشن نظام میں مکمل طور پر تبدیلی کرنے اور ای گورننس کے نفاذ کے مقصد سے آج یہاں لوک سبھا میں موٹر ویہائیکل (ترمیمی) بل 2017 کو پیش کیا گیا۔ ٹرانسپورٹ اور ہائی وے کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے یہاں ایوان میں اس بل کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کی منظوری سے سڑک حادثوں میں مرنے والے ہزاروں لوگوں کی جان بچائی جا سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ لائسنس بنانے سے لے کر ٹرانسپورٹیشن کے پورے نظام کو الیکٹرانک سسٹم میں لایا جائے گا جس سے لیڈر، وزیر، افسر اور صحافی سے لے کر تمام لوگوں سے ایک ہی طرح کے شفاف رویے کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ مسٹر گڈکری نے کہا کہ ہندوستان میں ہر سال تقریبا پانچ لاکھ سڑک حادثات ہوتے ہیں اور ان میں تقریبا ڈیڑھ لاکھ لوگوں کی موت ہو جاتی ہے ۔مہلوکین میں زیادہ تر نوجوان ہوتے ہیں۔ ملک میں ڈرائیونگ لائسنس سے لے کر ہر قسم کے قانون کا پاس و لحاظ نہیں رکھا جاتا ۔ ایک مطالعہ کے مطابق ملک میں ہونے والے حادثوں میں تقریبا 30 فیصد ڈرائیوروں کے لائسنس فرضی ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1988 کے موٹر ویہائیکل ایکٹ کے مقام پر لائے گئے اس بل کے ذریعے لائسنس بنانے کا بوگس نظام ختم کردیا جائے گا اور لازمی طور پر لوگوں کا امتحان لیا جائے گا۔