نتیش آج وزیراعظم مودی کے ظہرانے میں شریک ہوں گے

پٹنہ 26مئی (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے دی جانے والی پارٹی میں شریک ہوں گے۔ یہ پارٹی ماریشش کے وزیراعظم کے اعزاز میں دی جارہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعلیٰ نتیش کمار کے درمیان کچھ دوسرے موضوعات پربھی بات چیت ہونے کا امکان ہے۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار ایک دن قبل صدارتی انتخاب کے سلسلے میں کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی کی طرف سے طلب کی گئی اپوزیشن کی میٹنگ اور دعوت میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ لیکن وہ وزیراعظم کی دعوت میں شریک ہونے کیلئے نئی دہلی جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کل ماریشش کے وزیراعظم کے اعزاز میں دیئے جانے والے ظہرانے میں شرکت کی دعوت وزیراعظم کی طرف سے ملی ہے اور میں اس میں شامل ہورہا ہوں ۔ کیونکہ وہ مہمان وزیراعظم کے اعزازمیں دیا جانے والے ظہرانہ ہے اور آپ جانتے ہیں کہ ماریشش کے ساتھ بہار کا ایک جذباتی لگاؤ ہے۔ ماریشش میں جتنی آبادی ہے اس کی 52 فیصد آبادی بہاریوں پر مشتمل ہے۔ وہاں کے سابق وزیراعظم اور موجودہ وزیراعظم دونوں ہی بہاری مزاج ہیں اور جب ہم ملنے جارہے ہیں تو اس موقع پر ہم نے وزیراعظم سے یہ درخواست کی ہے کہ لنچ کے بعد کچھ دیر کیلئے ہماری ملاقات بھی ہوجائے۔ اس سلسلے میں ہم نے ایک خط آج بھیج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گنگا کی روانی اور سیلٹ کا جو مسئلہ ہے اور جس سے بہار کو زبردست سیلاب کا قہر جھیلنا پڑرہا ہے، اس پر بھی بات ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی کی طرف سے طلب کی گئی میٹنگ میں ہمارے شریک ہونے کی بات نہیں تھی۔ چار پانچ دن پہلے ہی بتادیا گیا تھا کہ ہماری پارٹی کی طرف سے پارٹی کے سابق صدر شرد یادو شریک ہوں گے۔ محترمہ گاندھی نے مجھے اپریل میں ہی بلایا تھا اور اس میں میں ان سے مل چکا ہوں۔