نتیش نے راحت کیمپوں کا جائز ہ لیا،پنکھے اور جنریٹرکے انتظام کاحکم

پٹنہ 28 اگست (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اتوار کو بھاگلپور کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کیلئے قائم کئے گئے مختلف راحت کیمپوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے سبور ہائی اسکول سبور بلاک کے پاس کھانکیتا پنچایت سرکار بھون ، پی این بی کالجیٹ ، ایووننگ کالج انرگاہ اور مہاشئے دیوڑی میں چلائے جارہے کیمپوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے جائزہ کے دوران کیمپوں میں بنائے جارہے کھانے اور متاثرین کو دی جانے والی صحت خدمات اور دیگر سہولیات ، بچوں کو دی جارہی سہولیات اور جانوروں کئے گئے انتظامات کے سلسلے میں تفصیلی معلومات حاصل کی اور افسران کو راحت کاری میں تیزی لانے کیلئے ضروری ہدایات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جائزہ کے دوران متاثرین سے بھی بات کی ۔ ان کے مسائل کو سنا اور ان کے حل کیلئے ضروری ہدایت جاری کی۔ سبور ہائی اسکول میں واقع راحت کیمپ کے جائزہ کے دوران وزیراعلیٰ نے متاثرین کو اسٹیل کی تھالی میں کھانا کھلانے کاحکم دیا اور لوگوں کو تھالی ،گلاس، کٹورہ وغیرہ کا انتظام کرنے کیلئے کہا۔ جائزہ کے بعد وزیراعلیٰ نے بھاگلپور گیسٹ ہاؤس میں راحت کاری کے کاموں کی جائزہ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں وزیراعلیٰ نے افسران کو سیلاب راحت میں تیزی لانے سے متعلق حکم دیا۔ انہوں نے کہاکہ مویشیوں اور انسانوں کو کیمپ میں الگ الگ رکھا جائے ۔ کیمپ میں ٹینٹ کا ایسا انتظام ہو کہ لوگوں کو گرمی نہ لگے۔ پنکھے اور جنریٹر کابھی انتظام کیا جائے۔ جو لوگ کیمپ میں رہ رہے ہیں انہیں کھانا بنانے اور کیمپ کا انتظام کرنے میں لگایا جائے۔ ہر کیمپ میں پبلک اڈریس سسٹم کا انتظام ہو تاکہ لوگوں کو لائن لگا کر ان کا رجسٹریشن کیا جاسکے۔ کیمپ میں صرف کھانا کھانے کیلئے آنے والوں کو کیمپ رہنے والوں کے ساتھ نہ ملایا جائے۔ کھانا اور برتن صرف ان لوگوں کو دیا جائے جو کیمپ میں رہتے ہیں۔ راحت کیمپ میں کسی باہری شخص یا تنظیم کو راحت کاکام کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ کیمپ میں تلا، بھونا کھانا نہیں دیا جائے۔ آسانی سے ہضم ہونے والا کھانا ہی دیا جائے تاکہ بیماری پھیلنے کااندیشہ نہ ہو۔