نتیش نے مرکز سے مانگے13600کروڑ

پٹنہ ، یکم جون (یو این آئی) بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے توانائی اور سڑک سمیت ریاست کے متعدد زیر التواء پروجیکٹوں کے لئے مرکزی حکومت سے 13 ہزار 600 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم جلد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے ۔ مسٹر نتیش کمار نے مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو بھیجے گئے خط کی کاپی آج یہاں میڈیا میں جاری کی جس میں مرکز سے بارہویں پنج سالہ منصوبہ بندی کی مدت کے لئے توانائی اور سڑک تعمیر سے متعلق 9 منظور شدہ منصوبوں کو پورا کرنے کے لئے 4998.75 کروڑ روپے اور 10 ویں اور 11 ویں پنج سالہ منصوبہ بندی کے زیر التوا منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے بقایا 92.74 کروڑ روپے جلد جاری کرنے کی اپیل کی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلی نے مرکزی وزیر خزانہ سے پلاننگ کمیشن کے سامنے توانائی کے شعبے سے متعلق 856.81 کروڑ روپے ، پٹنہ میں زیر زمین راستہ بنانے کے لئے 391 کروڑ روپے اور 12 ویں پنج سالہ منصوبے میں خصوصی منصوبہ کے تحت نئی منصوبو ں کے لئے مختص شدہ 10500 کروڑ روپے میں سے بقایا 902.08 کروڑ روپے جاری کرنے کی تجاویز کو جلد منظور کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ وزیر اعلی نے اپنے خط میں مرکزی وزیر خزانہ سے پسماندہ علاقہ گرانٹ فنڈ (بی آر جی ایف) کے تحت خصوصی مدد کی باقی رقم 6359.19 کروڑ روپے مالی سال 2016-17 میں جاری کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 12 ویں پنج سالہ منصوبہ بندی کا یہ آخری مالی سال ہے ، اس لئے منصوبوں کو وقت پر مکمل کرانا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رقم جاری کرنے میں کسی بھی قسم کی تاخیر نہ صرف بہار کی ترقی کے لئے نقصان دہ ثابت ہوگا بلکہ وقت گزرنے کی وجہ سے منصوبے کی لاگت بھی بڑھ جائے گی۔