نتیش نے کیا2650 کروڑ کے بجلی منصوبوں کا آغازوافتتاح

پٹنہ 11 مئی (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ریاست کے عوام سے اپیل کی ہے کہ بجلی کا حسب ضرورت ہی استعمال کیا جائے اور ضرورت سے زیادہ بجلی خرچ کرنے سے ہر حال میں گریز کیا جائے۔ وزیراعلیٰ جمعرات کو سی ایم سکریٹریٹ سنواد میں ریموٹ کے ذریعہ محکمہ توانائی کے 2650.51کروڑ کے منصوبوں کے سنگ بنیاد ،آغاز اور افتتاح کے بعد حاضرین سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ توانائی نے گھر گھر بجلی پہنچانے کیلئے بنائے گئے 7 عزائم پر کام کرنا شروع کردیا ہے۔ 2018 کے آخر تک ہر گھر کو بجلی کنکشن مہیا کرادیا جائے گا اور 2017 کے آخر تک ہر گاؤں اور ہر آبادی تک بجلی پہنچادی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوری ریاست میں ٹرانسمشن ،سب ٹرانسمشن ، ڈسٹری بیوشن وغیرہ کیلئے مختلف بنیادی ڈھانچوں کی تعمیر اور افتتاح کاکام آج ہورہا ہے۔ اس کیلئے میں ریاست کے تمام عوامی نمائندوں اور محکمہ کے افسران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بجلی جدید دور کی انتہائی اہم چیز ہے اور ہر دن اس کی کھپت میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس لئے اس کا استعمال اتنا ہی کیا جانا چاہئے جتنا ضروری ہو اور ضرورت سے زیادہ استعمال کرنے یا بجلی ضائع کرنے سے ہر حال میں پرہیز کرنا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی شکایات ازالہ مرکز پر بجلی بل سے متعلق شکایتیں ضرور ملتی ہیں ، ہم نے اپنے دور میں اسے دیکھا اور محسوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سب سے بڑا چیلنج یہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے بہت سارے کام ہوئے ہیں۔ اس میں سب سے تازہ اصلاح بجلی کی شرح کے سلسلے میں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار محکمہ توانائی نے زیرو سبسیڈی پر بجلی کی شرح طے کرنے کیلئے اپنی درخواست مرکزی ایجنسی کے سامنے پیش کی تھی ۔ لیکن ہمارا مقصد یہ تھا کہ بجلی کی شرح کے تعین کے بعد ریاستی حکومت یہ طے کرے گی کہ کس کو کتنی سبسیڈی دی جائے۔ اس سلسلے میں دوسری ریاستوں کی بجلی شرح کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو دی جارہی سبسیڈی میں شفافیت ہونی چاہئے۔ ہماری حکومت نے جو کام کیا ہے اس کی وزرائے توانائی کی کونسل میں بھی تعریف ہوئی۔ اسے جاننے کے بعد لوگوں میں بھی اطمینان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبسیڈی بھی بجلی بل میں درج ہوگی۔ صارفین کو سبسیڈی گھٹاکر بل ادا کرنا ہوگا۔ حکومت اب پہلے سے زیادہ سبسیڈی دے رہی ہے اور کتنی سبسیڈی دی جارہی ہے اس کا پورا علم عوام کو ہوگا۔ لوگ یہ محسوس کریں گے کہ حکومت کتنی سبسیڈی انہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یہ بھی دیکھے گی کہ بجلی کمپنیوں کی کام کرنے کی صلاحیت کتنی اور کیسی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بجلی کی بلنگ لوگوں کے سامنے کی جائے گی۔ موبائل کے ذریعہ بل کی اطلاع دی جائے گی۔ اسپاٹ بلنگ کی بھی سہولت دی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہار کا بجلی صارف بل ادا کرنا چاہتا ہے اگر ہم اپنے نظام کو صحیح کرلیں تو وقت پر بجلی ادائیگی بھی ہوگی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں نائب وزیراعلیٰ تیجسوی پرساد یادو نے کہا کہ آج کا دن بہار اور اہل بہار کیلئے انتہائی اہم ہے۔ آج 2650 کروڑ روپئے کے منصوبوں کا آغاز اور افتتاح ہورہا ہے۔ حکومت لگاتار کوشش کررہی ہے کہ بہار میں 24 گھنٹے بجلی رہے ، ہر گھر روشن ہو ۔ اس موقع پر وزیرتوانائی وجندر پرساد یادو، محکمہ پرنسپل سکریٹری پرتے امرت ،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری چنچل کمار، سکریٹری اتیش چندرا اور منیش کمار سمیت محکمہ کے اعلیٰ افسران اور انجینئر موجود تھے۔