نتیش کمار کو جنتا دل یونائٹیڈ اور کانگریس نے دی کلین چٹ

نئی دہلی 07 مئی (تاثیر بیورو): جنتا دل یو اور کانگریس نے اس خبر کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے کچھ وزراء اپنی سرکاری رہائش گاہ کو شادی اور دیگر تقریبات کیلئے دیگر افراد کو کرائے پر دے رہے ہیں۔ جنتا دل یونائٹیڈ کے رہنما شرد یادو نے اس الزام کی تردید کی ہے کہ نتیش حکومت کے کچھ وزراء سرکاری رہائش گاہوں کا استعمال بھاڑا کمانے کیلئے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ مجھے یقین نہیں ہوتا کہ اس خبر میں کوئی سچائی ہے۔ میں جانتا ہوں کہ نتیش کمار ایک ایماندار آدمی ہے اور انہوں نے ایسے کسی کام کی اجازت دی ہوگی جو قانون کے دائرے سے باہر ہو۔ شرد یادو یہاں ایک نیوز ایجنسی سے گفتگو کررہے تھے۔ اس بیچ کانگریس لیڈر پی ایل پونیا نے بھی اس معاملے میں وزیراعلیٰ بہار کو کلین چٹ دی ہے۔ انہوں نے بھی کہا ہے کہ نتیش کمار شبیہہ ایک ایماندار وزیراعلیٰ کی ہے اور وہ قانون کے دائرے میں ہی اپنا کام کرتے ہیں۔ واضح ہوکہ کل کے اخباروں میں یہ خبر چھپی تھی کہ نتیش حکومت کے وزیر ڈاکٹر عبدالغفور اور شیوچندر رام کو نتیش حکومت نے یہ اجازت دی ہے کہ وہ اپنی سرکاری رہائش گاہوں کو شادی ودیگر تقریبات کیلئے پرائیویٹ لوگوں کو کرائے پر دے سکتے ہیں۔ واضح ہوکہ ڈاکٹر عبدالغفور اور شیوچندر رام دونوں راشٹریہ جنتا دل کے ایم ایل اے اور نتیش حکومت میں وزراء ہیں۔