نجمہ کی وزیراعظم سے ملاقات، بڑی ذمہ داری سونپے جانے کا امکان

نئی دہلی، 20 جولائی (یو این آئی) بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی ) کی سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور نجمہ ہپت اللہ نے گزشتہ روز وزیراعظم نریندر مودی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران مرکزی وزیر کی حیثیت سے محترمہ نجمہ ہپت اللہ کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مستقبل قریب میں کوئی بڑی ذمہ داری دینے کی یقین دہانی کرائی۔ محترمہ ہپت اللہ نے بھی ان سے کہا کہ وہ کوئی بھی ذمہ داری کو محنت، لگن اور پوری ایمانداری سے نبھانے کے لئے تیار ہیں۔محترمہ نجمہ ہپت اللہ نے ملاقات کی تٖفصیلات بتاتے ہوئے یو این آئی سے کہا کہ انہوں نے اس دوران وزیراعظم کو ویتنام کا بنا ہوا ایک سنہرہ مجسمہ پیش کیا جو یوگا کے آسن پر مبنی تھا ۔ مسٹر مودی نے شکاگو کے آرٹ انسٹی ٹوئٹ سے لایا گیا یہ مجسمہ قبول کرتے ہوئے یوگا کی اہمیت و افادیت پر محترمہ ہپت اللہ سے تفصیلی بات چیت کی۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ اس ملاقات کے دوران انہیں وزیراعظم مودی کی شخصیت کے ایک اور پہلو کو جاننے کا موقع ملا۔ وہ ایک ہمدرد اور فراخ دل انسان ہیں جو ملک کے تمام عوام سے دلی ہمدردی اور رشتہ رکھنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔