نکسلیوں نے ASP-DSPکو رسی سے باندھ کر پیٹا، فائرنگ میں1کی موت

رانچی، 22اکتوبر (معیز الدین خان)۔ مورہابادی میدان میں سنیچر کو ہوئی جھارکھنڈ آدیواسی سنگھرش مورچہ کی آکروش ریلی میں حصہ لینے آ رہے گاؤں والوں کو روکنا کھونٹی پولیس کے لئے مہنگا ثابت ہو گیا۔ یہاں کے مشتعل قبائلیوں نے کھونٹی کے اے ایس پی آپریشن انوراگ راز، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر وجے آنند لاگونی ، ان کے باڈی گارڈ اور اڑکی کے تھانہ انچارج ہردیو پرساد کو رسی سے باندھ دیا۔ انہیں گھسیٹ کر جنگل لے جانے لگے۔ اس دوران چپلوں سے ان کی پٹائی کی گئی۔ لوگ ان افسروں کو جان سے مارنے کی کوشش کر رہے تھے۔ جھارکھنڈ پولیس کے آئی جی ایم ایس بھاٹیہ نے بتایا کہ مرہو تھانہ علاقے کے سائیکو نامی جگہ کے پاس مین روڈ جام کر رہے آدیواسی آکروش مورچہ کے قریب 1000- 1500کی تعداد میں روایتی ہتھیاروں سے لیس گاؤں والوں نے اس واقعہ کو انجام دیا ہے۔ گاؤں والوں کی بھیڑ میں نکسلی تنظیم پی ایل ایف آئی (پیپلز لبریشن فرنٹ آف انڈیا) کے رہنما اور ہتھیاروں سے لیس کارڈ کور رکن بھی تھے۔ہجوم نے اڑکی تھانہ علاقے کے ہونٹ پیکٹ سے واپس آ رہے کھونٹی کے اے ایس پی (آپریشن) کو ان کی فورس کے ساتھ گھیر لیا اور سیندرا (جان سے مارنا) کرنے کی نیت سے پولیس جوانوں کو ہجوم نے رسی سے باندھ دیا اور ان کے ساتھ مار پیٹ کی۔ ان کی مدد کے لئے پہنچے تھانہ انچارج اڑکی اور دیگر پولیس جوانوں کو بھی مشتعل ہجوم نے اسی طرح یرغمال بنا لیا۔ اطلاع ملنے پر کھونٹی کے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اور کیو آرٹی(کیوک رسپانس ٹیم) کے جوان موقع پر پہنچے۔ ہجوم نے ان پر پتھراؤ کر دیا۔ بھیڑ سے چلائے گئے پھرسے سے ڈی ایس پی کے باڈی گارڈ ناگیندر شرما کے سر پر شدید چوٹ لگی اور وہ زخمی ہو گئے۔ بھیڑ کے ذریعہ چلائی گئی لاٹھی اور دیگر ہتھیاروں کے حملے سے ڈی ایس پی کا ہاتھ ٹوٹ گیا۔ اس واقعہ میں سات پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اسی درمیان مشتعل ہجوم اے ایس پی سمیت پہلے سے باندھ کر رکھے گئے پولیس اہلکاروں کو جان سے مارنے کے لئے آگے بڑھی۔ پولیس نے اپنے دفاع میں گولیاں چلائی جس میں ابراہم منڈا کی موت ہو گئی اور نشا پورتی، شنی پورتی اور سگرا منڈوا زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو بہتر طبی کے لئے رمس کے رانچی بھیجا گیا ہے۔ زخمی پولیس اہلکاروں کو بھی بہتر علاج کے لئے رانچی میں ایڈمٹ کیا گیا ہے۔ جائے حادثہ پر رانچی رینج کے ڈی آئی جی آر کے دھان کیمپ کر رہ ہیں۔ ساتھ ساتھ اضافی فورسز کو بھی رانچی سے بھیجا گیا ہے۔صورتحال کشیدہ لیکن کنٹرول میں ہے۔