نکسل انتہا پسندی سے نپٹنے کیلئے متاثرہ ریاستوں کومل کر کام کرنا ہوگا: راج ناتھ

رانچی: مشرقی علاقائی کونسل کے اجلاس کے دوران راج ناتھ کی موجودگی میں جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ رگھوور داس سے ہاتھ ملاتے ہوئے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار

رانچی 27 جون(معیز الدین خان): مشرقی علاقائی کونسل کا 22 واں اجلاس سوموار کو رانچی میں ہوا جس میں جھارکھنڈ، بہار ،اڑیسہ اور مغربی بنگال کے نمائندوں نے حصہ لیا۔ اجلاس کے دوران ریاستی پولس فورس کی جدید کاری اور فرقہ وارانہ کشیدگی کم کرنے کے طریقوں ، نکسل انتہا پسندی پر روک ، نشیلی دواؤں کی اسمگلنگ کی روک تھام اور مشرقی ہند میں سبز انقلاب لانے کے طور طریقوں پر غور وخوض ہوا۔ ساتھ ہی ممبر ریاستوں کے درمیان اہم ندیوں کے پانی کی تقسیم ،ریلوے کے فروغ ، ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور اور مختلف الجہات ترقیاتی پروگراموں کے نفاذ پر بھی بات چیت ہوئی۔ اجلاس کے دوران مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ نکسل انتہا پسندی مشرقی علاقائی کونسل کی ریاستوں کے ساتھ ساتھ کچھ دیگر ریاستوں کیلئے بھی درد سر بنی ہوئی ہے۔ اس لئے اس مسئلے سے مشترکہ طور پر ہی نپٹنا ہوگا۔ حکومت ہند ترقیاتی اور سماجی واقتصادی پیش رفت کیلئے مختلف کوششوں کو عملی جامہ پہنانے میں جٹی ہے۔ وزارت داخلہ نے لگاتار جائزہ میٹنگوں کا انعقاد کر کے صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ وزیرداخلہ نے عوام سے بات چیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منفی تشہیر پر کنٹرول کایہ سب سے بہترین طریقہ ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے داخلی تحفظ کے معاملوں اور اس کے چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ داخلی تحفظ سے متعلق معاملوں کو قومی ایکتا کے نظریہ سے دیکھنا چاہئے۔