نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے روہت اور دھون برقرار، بنی باہر

ممبئی،12ستمبر(آئی این ایس انڈیا) فارم میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود روہت شرما اور شکھر دھون نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ کی گھریلو سیریز کے لئے ہندوستان کی 15رکنی کرکٹ ٹیم میں جگہ برقراررکھنے میں کامیاب رہے ہیں کیونکہ سلیکٹرز نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کو شکست دینے والی ٹیم پر اعتماد قائم رکھا ہے۔ویسٹ انڈیز میں گزشتہ ماہ 2-0سے سیریز جیتنے والی 17رکنی ٹیسٹ ٹیم میں تیز بولر شاردل ٹھاکر اور آل راؤنڈر اسٹورٹ بنی کو باہر کرکے ٹیم کو 15رکنی کر دیا گیا ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کاآغاز 22ستمبر سے کانپور میں ہوگا۔موجودہ سلیکشن کمیٹی کی آخری میٹنگ کی صدارت کرنے کے بعد چیف سلیکٹر سندیپ پاٹل نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ہم نے اس ٹیم کو برقرار ہے جس نے کافی اچھی کارکردگی کی ہے،ہمارا نظریہ ہے کہ یہ نیوزی لینڈ کے لئے بہترین ممکنہ مجموعہ ہے۔روہت کا ٹیسٹ ریکارڈ 18میچ کھیلنے کے باوجود امید کے مطابق نہیں ہے لیکن پاٹل نے کہا کہ ممبئی کے اس بلے باز کو کھیل کے طویل فارمیٹ میں مسلسل مواقع نہیں ملے ہیں۔روہت ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں گراس آئلیٹ میں تیسرے ٹیسٹ کی دو اننگز میں صرف نو اور 41رنز ہی بنا پائے تھے جس سے ان کی فارم پر آج کی میٹنگ میں بحث ہونے کی توقع تھی۔روہت ساتھ ہی گریٹر نوئیڈا میں چل رہے دلیپ ٹرافی فائنل کی پہلی اننگز میں بھی انڈیا بلیو کی جانب سے کھیلتے ہوئے انڈیا ریڈ کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے جبکہ ویسٹ انڈیز اور امریکہ سے واپس آنے کے بعد انہیں خاص طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا ۔پاٹل نے کہا کہ روہت شاندار کھلاڑی ہیں جس میں کافی قابلیت ہے،ٹیسٹ میچوں میں اسے مسلسل کھیلنے کا موقع نہیں ملا ہے اور ایک ٹیسٹ کے لئے منتخب ہونے کے بعد اسے باہر کر دیا جاتا ہے۔کپتان(وراٹ کوہلی)اور کوچ(انل کمبلے) کے ساتھ سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ جسے بھی منتخب کیا جائے گا اس کو کافی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام 15کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے لیکن ہم صرف 15کھلاڑیوں پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔بنچ اسٹریتھ میں دوسرے کھلاڑی بھی ہیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لئے تین سلامی بلے بازوں کو منتخب کیا گیا ہے اور جب یہ پوچھا گیا کہ مرلی وجے، شیکھر دھون اور لوکیش راہل کے درمیان کسے ترجیح ملے گی؟ تو پاٹل نے کہا کہ آخری الیون پر فیصلہ ٹیم مینجمنٹ کو کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آخری الیون کا فیصلہ کپتان اور کوچ حالات کے مطابق کریں گے،ہم چاہتے ہیں کہ وہ(دھون)اچھا مظاہرہ کریں، صرف وہی نہیں، ہم چاہتے ہیں تمام 15کھلاڑی اچھی کارکردگی کریں۔وہ کرناٹک کے نوجوان بلے باز لوکیش راہل کی ترقی سے بھی مطمئن نظر آئے۔انہوں نے کہا کہ لوکیش راہل نے جس طرح سینئر ٹیم میں جگہ بنائی ہے اس سے ہم خوش ہیں۔