ودیا بالن اور امیتابھ کی رومانٹک مووی’’تین‘‘کا ٹریلر جاری ،بگ بچن اپنی بہوایشوریہ رائے سے10جون کو مقابلہ کرتے نظر آئیں گے

ممبئی،8مئی(پی ایس آئی)بالی ووڈ کی ’’ڈرٹی گرل ‘‘ ودیا بالن کی 2014ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’کہانی‘‘ دو سال گزرنے کے بعد شائقین کو یاد ہے ،10 جون 2016ء کو ودیا بالن کی ایک ایسی فلم ریلیز ہو گی جس سے ’’کہانی ‘‘کی یاد ایک مرتبہ پھر تازہ ہو جائے گی۔نجی چینل’’این ڈی ٹی وی ‘‘کے مطابق ہندوستانی فلموں کے شہنشاہ امیتابھ بچن ،ودیا بالن اور نواز الدین کی نئی آنے والی رومانٹک فلم ’’تین ‘‘ کا ٹریلر ریلز کر دیا گیا ہے۔ربھوداس گپتا کی اس نئی فلم میں امیتابھ بچن ایک ایسی بچی کے داداکے روپ میں نظر آئیں گے جسے وہ کھو چکے ہیں ،ودیا بالن کا کردار ایک خفیہ پولیس انسپکٹر کا ہے جبکہ نواز الدین نے فلم میں چرچ کے پادری کا کردار نبھایا ہے۔اگرچہ فلم ’’تین ‘‘کا 2014ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’کہانی‘‘سے کوئی لینا دینا نہیں ہے سوائے اس بات کے کہ دونوں فلموں میں ودیا بالن نے اہم کردار ادا کیا ہے ،لیکن اس کے باوجود فلم میں ویسا ہی تھرل موجود ہے جو ’’کہانی‘‘ میں’’ پیلی ٹیکسی ‘‘اور ’’درگا پوجا ‘‘کو دیکھ کر ہوا تھا۔فلم کی کہانی میں امیتابھ بچن ،ودیا بالن اور نواز الدین مل کر ایک ایسے جرم کو بے نقاب کرنے کی کوشش میں نظر آتے ہیں جو 8سال پہلے ہوا تھا۔فلم ’’تین‘‘ کے حوالے سے دلچسپ بات یہ ہے کہ امیتابھ کے اہم کردار پر مبنی یہ فلم 10جون کو ریلیز ہو گی اور اسی تاریخ کو ’’بگ بچن‘‘کی بہو ایشوریہ رائے کی فلم ’’سربجیت‘‘ بھی بڑے پردہ سکرین کی زینت بنے گی۔