وزیراعظم مودی کا آپریشن کلین منی

نئی دہلی 02 مئی (تاثیر بیورو): نوٹ بندی کے ذریعہ کالے دھن پر چوٹ کرنے کے بعد مرکزی حکومت اب بے نامی جائیداد کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ وزیراعظم نے بے نامی جائیداد رکھنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت افسران کو دی ہے۔ وزیر اعظم نے محکمہ انکم ٹیکس کو ٹیکس کا دائرہ بڑھانے کیلئے بھی کہا ہے۔ وزیراعظم نے محکمہ محصولات کے آپریشن کلین منی کی اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے دوران یہ بات کہی۔وزیر اعظم نے اس موقع پر یکم جولائی سے مجوزہ جی ایس ٹی قانون کے نافذ کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے میٹنگ کے دوران وزارت مالیات کے اعلیٰ افسران سے بے نامی جائیداد کے خلاف سخت قدم اٹھانے اور کارروائی تیز کرنے کیلئے کہا۔ وزیراعظم نے انکم ٹیکس افسران سے یہ بھی کہا کہ محکمہ کے کسی بھی کارروائی سے عام ٹیکس دہندگان کو کوئی تکلیف نہ ہو۔ انہوں نے انکم ٹیکس افسران کے مراعات خصوصی کو کم کرنے کیلئے ای اسسمنٹ کو فروغ دینے کا بھی مشورہ دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اسسمنٹ کمپیوٹر کے ذریعہ ہونا چاہئے اور نوٹس بھی الیکٹرانک طریقے سے بھیجا جانا چاہئے۔ وزیراعظم نے ٹیکسوں کا دائرہ بڑھانے کا بھی افسران کو مشورہ دیا ہے۔ اس وقت پانچ فیصد لوگ بھی ملک میں ٹیکس ادا نہیں کرتے ہیں۔ اس لئے ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ ضروری ہے۔