وزیراعظم نریندر مودی تاناشاہ بننا چاہتے ہیں : لالو

پٹنہ 14 مئی (اسٹاف رپورٹر):راجد سپریمو لالو پرساد یادو نے بھاجپا اور وزیراعظم نریندر مودی کو آج جم کر اپنی تنقید کانشانہ بنایا۔ پٹنہ میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں لالو پرساد نے کہا کہ پی ایم مودی رام بننا چاہتے ہیں ، وہ لوگوں کو کہتے ہیں کہ بجرنگ بلی بنو اور چپ چاپ میری بات سنو، کوئی سوال نہیں کرو، میں جو کررہا ہوں، کہہ رہا ہوں وہیں صحیح ہے۔ لالو پرساد نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی تاناشاہ بننا چاہتے ہیں ،ان کی حکومت میں ملک میں محفوظ نہیں ہے۔ لالو پرساد نے اپنے خاص انداز میں پی ایم مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ، انہوں نے کہا تھا کہ نوٹ بندی کے بعد کشمیر میں پتھر بازی بند ہوجائے گی، انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ نکسلیوں کے پاس کالا دھن کاذخیرہ ہے، نوٹ بندی سے ان کی بھی کمر ٹوٹ جائے گی۔ لیکن ایسا نہیں ہوا، اس کے بدلے مہنگائی بڑھ رہی ہے، بے روزگاری بھی بڑھ رہی ہے اور فرقہ واریت میں اضافہ ہورہا ہے۔ لالو پرساد نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے پلاننگ کمیشن کوختم کرکے نیتی آیوگ بنایا۔ آج یہ نیتی آیوگ کہہ رہا ہے کہ لوک سبھا اور اسمبلی کا چناؤ ایک ساتھ کروایا جائے۔ یہ جمہوری ڈھانچے کو برباد کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔ فیڈرل سسٹم کو کمزور کرنے کی کوشش کو ہم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ لالو نے نربھیا کانڈ پر بولتے ہوئے کہا کہ اس سنگین جرم پر سپریم کورٹ نے مجرمین کو پھانسی کی سزا دی۔ یہ کانڈ بھاجپا کی حکومت والے ہریانہ میں ہوا۔ اس کے باوجود وہاں جنگل راج نہیں ہے۔ روزانہ کئی نربھیاؤں کے ساتھ ظالمانہ سلوک ہورہا ہے۔ لیکن وزیراعظم کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے۔ بھاجپا کی حکومت والی ریاستوں میں ویاپم جیسا گھوٹالہ ہوا۔ لیکن پی ایم کبھی اس کا چرچہ نہیں کرتے ہیں۔ لالو پرساد نے کہا کہ آج ہمارے ملک کے جوانوں کے ساتھ بے رحمانہ سلوک ہورہا ہے۔ کبھی وہ ملک کی سرحد پر شہید ہورہے ہیں تو کبھی ملک میں۔ وزیر اعظم بننے کے بعد پہلے نریندر مودی کہتے تھے اگر کوئی ہمارے ایک جوان کا سر کاٹے گا تو ہم اس کے بدلے 10 سر کاٹ کر لائیں گے۔ لیکن وزیر اعظم بننے کے بعد وہ اپنی ساری باتوں کو بھول گئے۔ جب پاکستان نے ہمارے ملک کے جوانوں کو مار کر ان کی لاش کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا تب یہ پاکستان جاکر بریانی کھارہے تھے۔ انہوں نے وزیراعظم ملک کو توڑنے میں لگے ہیں، وہ بہار کو برباد کرنے آئے تھے لیکن ہم نے یہاں سے انہیں کھدیڑ دیا۔ آنے والے پارلیمانی چناؤ میں انہیں ملک سے کھدیڑ دیں گے۔ اس موقع پر لالو یادو نے آئندہ 26 اگست کو پٹنہ کے گاندھی میدان میں ایک ریلی منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس میں بھاجپا مخالف تمام رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کی جائے گی۔