وزیراعظم نے نمامی گنگے پروگرام کا جائزہ لیا

نئی دہلی19مئی(یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے نمامی گنگے پروگرام کا جائزہ لیا۔ اس موضوع پر ایک پرزنٹیشن کے دوران مختلف سرکاری محکموں کے سینئر افسران نے وزیراعظم کو اب تک کیے گئے اقدامات اور اس پروگرام کے تحت حاصل پیش رفت کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ مذکورہ افسران نے کہا کہ اس ندی کے کنارے واقع شہروں میں گندے پانی کو سودھنے کی صلاحیت خاطر خواہ طور پر بڑھائی جارہی ہے۔ گنگا کے کنارے واقع بڑے شہروں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ ہری دوار، کانپور، الہ آباد، وارانسی، پٹنہ، بھاگلپور، ہوڑہ اور کولکاتا جیسے شہروں پر اس زاویے سے خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ افسران نے وزیراعظم کو بتایا کہ اس کارروائی کے نتیجے میں گنگا ندی میں ملنے والی کچھ معاون ندیوں کے پانی کی کوالٹی میں خاطر خواہ بہتری رونما ہوئی ہے۔ ’’گھلی ہوئی آکسیجن‘‘ اور ’’بایو کیمیکل آکسیجن ڈیمانڈ‘‘ جیسے پیمانوں پر جائزے کے تحت مطالعے کا اہتمام کیا گیا ہے۔از حد کثافت پھیلانے والی صنعتوں کی زیادہ نگرانی کی جارہی ہے۔ وزیراعظم کو دریائے گنگا کے ساحلوں کے کنارے کنارے واقع گاؤں میں دیہی صفائی ستھرائی میں حاصل خاطر خواہ پیش رفت کی بھی جانکاری دی گئی۔ وزیراعظم نے زور دیکر کہا کہ گنگا کو صاف ستھرا بنانے میں عوامی بیداری اور شراکت داری کو مزید بڑھائے جانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم کے دفتر کے سرکردہ افسران ، نیتی آیوگ ، آبی وسائل کی وزارت ، پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کی وزارت، گنگا کی صفائی کے قومی مشن اور مرکزی کثافت کنٹرول بورڈ کے سینئرافسران بھی اس موقع پر میٹنگ میں موجود تھے۔