وزیراعلیٰ نے چھٹھ کی تیاریوں کا جائزہ لیا، افسران کو دی ہدایت

پٹنہ 14اکتوبر (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے چھٹھ تہوار کے مد نظر آج گنگا گھاٹوں کاجا ئزہ لیااور گھاٹوں کی صفائی و تحفظ کے سلسلے میں متعلقہ افسران کو ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ نے بذریعہ اسٹیمر ناصری گنج سے دیدار گنج گھاٹ تک گنگا گھاٹوں کا جائزہ لیااور افسران کو ہدایات دیں۔گھاٹوں کے جائزہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھٹھ کے قبل گھاٹوں کی صورتحال کو دیکھنے اور انھیں بہتر بنانے کی کوشش ضلع انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ کی جاتی ہے۔ان کے کاموں کے جائزہ کے لئے میں آتا رہتا ہوں اور حسب ضرورت مشورہ دیتا رہتا ہوں۔انھوں نے کہا کہ پہلے ہم دیوالی کے بعد آتے تھے۔اس بار چونکہ بارش اوسط سے زیادہ ہوئی ہے اور پانی کی سطح اونچی رہی ہے اس لئے ہم نے آج ہی اس کے لئے جائزہ پراگرام بنایا تاکہ کچھ قبل ہی کام مکمل ہو جائے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جتنے بھی گھاٹوں پر حکومت کی جانب سے پختہ تعمیر ی کام چل رہا ہے ان میں سے تقریباْ 12 جگہوں پرچھٹھ سے قبل کام مکمل ہو جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ باقی جگہوں پر جہاں عقیدتمند بڑی تعداد میں ارگھیہ دینے کے لئے آتے ہیں، انھیں ارگھیہ دینے میں کوئی دشواری نہیں ہواس کا پورا لحاظ رکھا جائیگا۔انھوں نے کہا کہ چھٹھ برتیوں اور دوسرے عقیدتمندوں کے اہل خاندان کی وجہ سے ہونے والی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے آمد و رفت کو درست رکھنے پر بھی پوری توجہ دی جا رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کئی جگہ خطرناک گھاٹ ہیں، ان کے پیچھے تالاب کی تعمیر اور ان میں گنگا کا پانی پمپ کے ذریعہ دیا جا سکتا ہے۔انھوں نے ضلع انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ جنگی پیمانے پر کی جا رہی چھٹھ گھاٹوں کی تیاری کو اطمینان بخش بتاتے ہوئے کہا کہ چھٹھ برت کے دن پورے طور پر بجلی کی فراہمی کویقینی بنایا جائیگا۔سبھی محکمے اپنے اپنے کاموں میں لگے ہیں۔کراؤڈ مینیجمنٹ کے لئے پولس انتظامیہ بھی اپنی تیاری مکمل کر چکی ہے۔