وزیر اعظم نے دی قطر کے تاجروں کو ہندستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

دوحہ، 5 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج قطر کے کاروباریوں کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان وافر امکانات والا ملک ہے جس کا فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں کھونا چاہئے ۔ حکومت ہند سرمایہ کاری کے راستے کی تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کا وعدہ کرتی ہے ۔ پانچ ممالک کے دورے کے دوسرے مرحلے میں کل قطر پہنچنے کے بعد مسٹر مودی نے دارالحکومت دوحہ میں تجارت پیشہ کمیونٹی کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کے دوران انہیں ہندوستان میں سرمایہ کاری کے فوائد سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ ” ہندوستان میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع ہیں۔ آپ ان موا قع کا فائدہ اٹھائیں، اس کے لئے میں ذاتی طور پر آپ لوگوں کو مدعو کرنے یہاں آیا ہوں۔ آپ لوگ ہندوستان کی صلاحیتوں کو سمجھتے ہیں۔ سرمایہ کاری کی راہ میں جو بھی دشواریاں آپ کو دکھائی دے رہی ہیں انہیں دور کرنے کا ہم وعدہ کرتے ہیں”۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر ہندوستان کی جوان افرادی قوت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی 80 کروڑ آبادی نوجوانوں کی ہے ۔ یہ نوجوان ملک کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔. انھوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور مینوفیکچرنگ سرگرمیوں کو جدید بنانا ان کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔