وزیر داخلہ کی ہنگامی میٹنگ، فوجی مراکز میں ہائی الرٹ

نئی دہلی، 18 ستمبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے شمالی کشمیر کے اڑي سیکٹر میں دہشت گرد انہ حملے کے پیش نظر آج یہاں ایک اعلی سطح کی میٹنگ کی صدارت کی اور ریاست میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق مسٹر راجناتھ سنگھ کی رہائش گاہ پر منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال کے علاوہ داخلہ سکریٹری، انٹیلی جنس بیورو کے سربراہ، مرکزی ریزرو پولس فورس کے ڈائریکٹر جنرل، فوجی انٹیلی جنس ڈائریکٹر جنرل اور وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کے سینئر افسران موجود تھے ۔ اڑي میں آج سویرے دہشت گردوں کے حملے میں 17 جوان شہید ہوئے ہیں اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ہنگامی میٹنگ کے بعد مسٹر راجناتھ سنگھ نے نامہ نگاروں سے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کو مسلسل حمایت اور تعاون دے رہا ہے جو کہ افسوسناک بات ہے ۔ یہ واضح اشارہ ہے کہ اڑي میں حملہ کرنے والے لوگ اعلی سطح پر تربیت یافتہ، بھاری ہتھیاروں اور جدید آلات سے لیس تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک دہشت گرد ملک ہے اور اس کو بین الاقوامی سطح پر الگ تھلگ کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ہنگامی میٹنگ میں اعلی حکام کے ساتھ غور وخوض کی تفصیلات سے وزیر اعظم کو مطلع کردیا گیا ہے ۔ دریں اثناء،دہشت گرد انہ حملے کو دیکھتے ہوئے مسٹر راجنا تھ سنگھ نے اپنے مجوزہ روس اور امریکہ کے دورے کو ملتوی کردیا ہے ۔ مسٹر راجناتھ سنگھ نے آج ٹوئٹر پر ایک بیان میں یہ اطلاع دی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ”جموں وکشمیر کی صورت حال کو ذہن میں رکھتے ہوئے اور اڑي میں دہشت گردانہ حملے کے پیش نظر میں نے روس اور امریکہ کے دورے کو موخر کردیا ہے “۔ مسٹر راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہنگامی میٹنگ کے بارے میں وزیر اعظم کو آگاہ کردیا گیا ہے اور انہیں ریاست میں حفاظتی انتظامات کی معلومات دی گئی ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ متعلقہ حکام کو ریاست کی صورتحال پر قریب سے نظر رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔مرکزی وزیر داخلہ نے حملے میں شہیدہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد انہ حملے کے ذمہ دار لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یاب ہونے کی دعا بھی کی۔دوسری جانب مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ ہنس راج اھیر نے کہا کہ وزارت دفاع نے اڑي میں دہشت گردانہ حملے کوسنجیدگی سے لیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ “ہم اس کو قطعی برداشت نہیں کریں گے “۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ کر ن رجیجو نے کہا کہ بزدلانہ حملے کے قصورواروں کو سزا دی جائے گی۔ کشمیر میں دہشت گردانہ حملے کے بعد پنجاب میں بین الاقوامی سرحد پر انتہائی احتیاط برتنے کا حکم دیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ ملک بھر میں مقامی اور بین الاقوامی ہوائی اڈوں ، فوجی مراکز نیز پٹھان کوٹ فضائی اڈہ و چھاؤنی میں ہائی الرٹ نافذ کردیا گیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی صورت حال پر قریب سے نظر رکھنے کے لئے داخلہ سکریٹری اور وزارت داخلہ کے سینئر حکام کو ہدایات جاری کی گءي ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ نے دہشت گردانہ حملے کے بعد ریاست کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی اور گورنر این این واے ھرا سے بات کی ہے اور سلامتی کی صورتحال کی معلومات لی ہیں۔وزیر دفاع منوہر پاریکر اور آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ سہاگ اڑي میں فوج کے ہیڈ کوارٹر میں دہشت گردانہ حملے کے پیش نظر ریاست میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے فوری طورپر سرینگر پہنچ گئے ہیں۔