وششٹھ نارائن سنگھ لگاتار دوسری بار جدیو کے ریاستی صدر منتخب

پٹنہ 25 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): سینئر سیاسی رہنما وششھ نارائن سنگھ لگاتار دوسری بار جدیو کے ریاستی صدر بن گئے ہیں۔ وششٹھ نارائن سنگھ اتوار کے دن بلامقابلہ مذکورہ عہدے کیلئے منتخب ہوئے۔ پارٹی کے قومی صدر نتیش کمار اور سابق صدر شرد یادو کی موجودگی میں سوموار کو اسٹیٹ کونسل کی میٹنگ میں ان کے ریاستی صدر بننے پر مہر لگے گی۔پارٹی کے ریاستی دفتر میں الیکٹورل افسر جناردن پرساد سنگھ نے وششٹھ نارائن سنگھ کے بلامقابلہ منتخب ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی صدر کے عہدے کیلئے صرف ایک ہی پرچہ نامزدگی بھرا گیا تھا ۔ الیکٹورل افسر کے ذریعہ اعلان کئے جانے کے ساتھ ہی انہیں مبارکباد دینے والوں کا تانتا لگ گیا۔ ان کی معیاد دو برسوں کی ہوگی۔ اس موقع پر وششٹھ نارائن سنگھ نے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو عزم کے ساتھ پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تعاون دینے کیلئے پارٹی کے 37 لاکھ سرگرم اراکین اور کارکنان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ان کے تعاون سے ہی ہم آگے بھی اپنی ذمہ داری کو پورا کریں گے۔ پارٹی کی مسلسل توسیع ہی ہمارا ہدف ہے۔ اس موقع پر وزیر صنعت جئے کمار سنگھ ،سابق وزیر رنجو گیتا ، غلام رسول بلیاوی، سنجے گاندھی ، راجیو رنجن پرساد ،رویندر سنگھ وغیرہ موجود تھے۔