ون ڈے میچوں میں بھی کوہلی کی شاندارکار کردگی جاری، ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو ہرایا

دھرم شالہ، 16 اکتوبر (یو این آئی) ٹیسٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی(ناٹ آؤٹ 85 رن)کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں چھ وکٹ سے شاندار جیت درج کرکے ایک۔ صفر کی برتری حاصل کرلی ہے ۔کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی جو 5ء43 اوور میں 190 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اس کے جواب میں ہندوستان نے 34ویں اوور میں چار وکٹ پر 194 رن بناکر جیت کا نشانہ حاصل کرلیا۔ہندوستان نے جیت کے لئے درکار 191 رن کے تعاقب میں اچھی شروعات کی۔ سلامی بلے باز روہت شرما اور اجنکیا رہانے نے افتتاحی رفاقت میں 2ء9 میں 49 رن بنائے ۔وراٹ کوہلی نے 81 گیندوں میں 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 85 رن بناکر اپنی ٹیم کو جیت کی منزل تک پہنچا دیا۔اس سے پہلے رہانے نے 34 گیندوں میں چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 33 رن بنائے ۔ جبکہ روہت شرما نے 26 گیندوں میں اپنی چودہ رن کی انفرادی اسکور میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔منیش پانڈے 22 گیندوں میں 17 رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان مہندر سنگھ دھونی چوبیس گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 21 رن بناکر رن آؤٹ ہوئے ۔ٹسٹ کپتان وراٹ کوہلی کی ڈے نائٹ ون ڈے میچوں میں 70ویں اننگ میں یہ 32ویں نصف سنچری ہے ان سے آگے سچن تندولکر ہیں جنہوں نے 107 اننگ میں 34ویں نصف سنچریاں بنائی ہیں۔اس سے قبل اپنا پہلا مقابلہ کھیلنے والے ہردک پانڈیا (31 رن پر تین وکٹ) اور امت مشرا ( 49 رن پر 3 وکٹ )کی زبردست بولنگ سے ہندستان نے نیوزی لینڈ کو 190 رنز پر سمیٹ دیا تھا ۔نیوزی لینڈ نے ایک وقت اپنے سات وکٹ محض 65 رن تک گنوا دیے تھے لیکن اوپنر ٹام لاتھم نے ناٹ آؤٹ 79 اور 10 ویں نمبر کے بلے باز ٹم ساؤتھی نے 55 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کو 190 کے لڑنے کے قابل اسکور تک پہنچا دیا۔نیوزی لینڈ کی اننگز 43.5 اوور میں سمٹ گئی ۔ لاتھم اور ساؤتھی نے نویں وکٹ کے لیے 71 رنز کی قیمتی شراکت کی۔اپنا ڈیبو ون ڈے کھیل رہے پانڈیا نے سات اوور کی بہترین بولنگ میں 31 رنز پر تین وکٹ لے کر نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر کو جھنجھوڑ دیا۔امیش یادو نے 31 رن پر دو وکٹ لئے جبکہ پارٹ ٹائم اسپنر کیدار جادھو نے چھ رن پر دو وکٹ حاصل کئے ۔لیگ اسپنر امت مشرا نے 49 رنز دے کر آخری تین کیوی بلے بازوں کو نمٹایا ۔مہندر سنگھ دھونی نے 900 ویں ون ڈے میچ میں خاص طور پر تیار سونے کے سکے سے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے فیلڈنگ کا درست فیصلہ کیا۔ٹیسٹ سیریز میں 0۔3 کی وھائٹ واش جھیل چکی مہمان کیوی ٹیم کے بلے بازوں نے پہلے ون ڈے میچ میں بھی کوئی جدوجہد نہیں دکھائی اور 43.5 اوور میں تمام وکٹ گنوا دیے ۔ایک اینڈ پر گرتے وکٹوں کے درمیان لاتھم اکیلے ہی کریز پر آخری وقت تک ڈٹے رہے اور انہوں نے 98 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 79 رن کی نصف سنچری اننگز کھیلی۔لاتھم اس طرح اننگز کا آغاز کرکے ناٹ آؤٹ پویلین لوٹنے والے نیوزی لینڈ کے پہلے کھلاڑی بنے ۔لاتھم نے نویں وکٹ کے لئے ساؤتھی کے ساتھ 71 رن جوڑے ۔ ساؤتھی نے 45 گیندوں پر تیز 55 رنز میں چھ چوکے اور تین چھکے لگائے ۔نیوزی لینڈ کی ٹیم ابتدائی اوور سے ہی دباؤ میں نظر آئی اور صرف 48 رنز کا اضافہ کر کے اس کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔پہاڑوں سے گھرے انتہائی خوبصورت دھرم شالہ کرکٹ گراؤنڈ پر اپنے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کیلئے اترے 23 سالہ درمیانہ تیز گیند باز پانڈیا نے آغاز سے ہی جارحیت کے ساتھ بولنگ کی اور کیوی اوپنر مارٹن گپٹل کو محض 12 رنز پر روہت شرما کے ہاتھوں آسان کیچ کراکر اپنا پہلی بین الاقوامی وکٹ حاصل کی ۔اس کے کچھ دیر بعد کپتان کین ولیمسن نو گیندوں میں تین رنز بنا کر امیش یادو کا شکار بنے ۔ امیش نے کین کو امت مشرا کے ہاتھوں کیچ کراکر نیوزی لینڈ کو دوسرا جھٹکا دیا۔اس کے بعد راس ٹیلر ایک گیند ہی کھیل سکے تھے کہ انہیں امیش نے صفر پر دھونی کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ کوری اینڈرسن چار رن بنا کر پانڈیا کا دوسرا شکار بنے ۔لیوک رونچی کو بھی پانڈیا نے کھاتہ کھولنے کا موقع نہیں دیا اور امیش کے ہاتھوں کیچ کراکر اپنا تیسرا وکٹ لیا۔جیمز نیشام نے 25 گیندوں میں ایک چوکا لگایا اور 10 رن جوڑے ۔انہیں جادھو نے اپنی گیند پر کیچ کر کیوی ٹیم کا چھٹا وکٹ نکالا۔کیوی ٹیم نے 65 کے اسکور پر نیشام کے بعد مشیل سیٹنر کا وکٹ بھی گنوایا جو کھاتہ کھولے بغیر جادھو کی اگلی ہی گیند پر دھونی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ۔نیوزی لینڈ 65 رنز پر اپنے سات وکٹ گنوا کر بہت مشکل صورت حال میں پہنچ گئی تھی۔نیوزی لینڈ نے اپنا آٹھواں وکٹ ڈگ بریسویل (15) کے طور پر سستے میں گنوایا۔ بریسویل نے 46 گیندوں میں کوئی چوکا یا چھکا نہیں لگایا اور میدان پر ٹکنے کی کوشش کرتے نظر آئے ۔ نیوزی لینڈ کا تب اسکور 106 رنز تھا۔تاہم امیش یادو کو ٹم ساؤتھی کا کیچ چھوڑنے کی آخری میں بھرپور سزا ملی جنہوں نے جیون دان کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے نصف سنچری بنا دی ۔لیگ اسپنر مشرا نے ساؤتھی کو 42 ویں اوور میں اور ایش سوڈھی کو 44 ویں اوور میں آؤٹ کر نیوزی لینڈ کی اننگز سمیٹ دی۔دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کا دوسرا مقابلہ نئی دہلی میں 20 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔