ٹرک سے ٹکرانے کے بعد بس آگ کے گولے میں تبدیل، 24ہلاک

بریلی / گونڈا / لکھنؤ 5 جون (یو این آئی) اترپردیش کے بریلی میں پیر کی علی الصبح اسٹیٹ روڈویز ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ایک بس اور ٹرک کے مابین ٹکر کے بعد بس میں لگی آگ جانے سے 24 مسافر جل کر ہلاک اور15 دیگر بری طرح جھلس گئے ۔وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعہ پر گہرے رنج و غم کا ا ظہار کرتے ہوئے غم زدہ کنبوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے ۔ شدید طورپر جھلسے مسافروں کو 50 ہزار اور معمولی طور پر زخمیوں کو 25 ہزار روپے کی رقم دی جائے گی۔ مسٹر یوگی نے ریاست کے وزیر خزانہ راجیش اگروال، ٹرانسپورٹ کے ریاستی وزیر آزادانہ چارج سوتنتر دیو سنگھ اور بریلی کے انچارج وزیر برجیش پاٹھک کو جائے وقوع پر بھیجا ہے ۔دہلی سے لکھنؤ کو جوڑنے والے قومی شاہراہ نمبر ۔24 پر بریلی کے بارہ بائی پاس پر گزشتہ رات ایک بجے یہ حادثہ اس وقت ہوا جب گونڈہ ڈپو کی ایک بس مخالف سمت سے آ رہے ایک ٹرک سے ٹکراگئی۔ ٹکر کے بعد بس کے ایندھن ٹینک میں آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے بس آگ کے گولے میں تبدیل ہو گئی۔ جلی ہوئی بس سے 24 لوگوں کے بری طرح جھلسی ہوئی لاشیں ملی ہیں جن کی شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ بس سے کود کر اپنی جان بچانے میں کامیاب 15 لوگوں کا علاج مختلف اسپتالوں میں چل رہا ہے جن میں سے چھ کی حالت نہایت نازک بتائی گئی ہے ۔بریلی کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ جوگندر کمار نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کے عملہ نے بس سے 24 لاشیں برآمد کی ہیں۔ تمام لاشیں بری طرح جلی ہوئی ہیں جن کی شناخت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ بس میں 37 مسافر اور دو ڈرائیور، ایک کنڈکٹر سمیت کل ملاکر41 افراد سوار تھے ۔