ٹیم کی بہترین کارکردگی سے لارڈز کاداغ دھل جائیگا : شہریار

لندن،13 جولائی(پی ایس آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار نے کہا ہے کہ اگر پاکستانی ٹیم برطانیہ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرے گی تو 6سال پہلے 2010ء میں لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں اس پر لگنے والا دھبہ بھی دھل جائے گا۔ وہ منگل کے روز لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران جیو اور جنگ لندن کو خصوصی انٹرویو دے رہے تھے۔ چیئرمین شہریار کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ اب کبھی 2010ء جیسا واقعہ نہیں ہوگا کیونکہ قومی کرکٹ ٹیم نے اس واقعہ سے بہت سبق سیکھا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم پورے جوش و جذبے کے ساتھ کھیلے گی اور انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے برطانیہ آنے کے بعد دو ہفتے تک ٹریننگ کی ہے اور دو سائیڈ میچز بھی کھیلے ہیں جن کی وجہ سے وہ سارے ماحول سے آشنا ہوگئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مصباح الحق،یونس خان، شان اور دوسرے بلے بازوں نے اچھے رنز بھی بنائے ہیں۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستانی بلے باز انگلش ٹیم کو ٹف ٹائم دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سپن اور سیم بولنگ بھی بہت اچھی ہے۔ چنانچہ میچز بہت اچھے ہوں گے۔ اوپنرز کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شان مسعود اچھا کھیل رہے ہیں جبکہ محمد حفیظ میں بھی اعتماد بہت زیادہ ہے تاہم ان سے زیادہ رنز نہیں بن رہے۔ امید ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں اچھا سکور بھی کریں گے۔ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے کہا کہ پاکستانی ٹیم مکمل طور پر فٹ ہے اور اس میں کوئی انجری نہیں ہے۔ اگر لارڈز میں جمعرات کو شروع ہونے والے میچ کے دوران اچھا موسم ملا تو ٹیم ضرور کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم دبئی میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ سے دو ٹیسٹ جیت چکی ہے اور اس کی بیٹنگ لائن بھی اب بہت مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بولنگ اٹیک بھی انگلینڈ سے اچھا ہے۔ انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم جیتنے کے لئے میدان میں اترے گی۔