ٹیکنالوجی کی دوڑ میں انسانوں کو پیچھے نہ چھوڑا جائے

برلن: جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اتوار کو ہینوور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سب سے بڑے عالمی میلے کا افتتاح کر دیا۔ اس میلے میں دنیا کے 70 ممالک کی کمپنیاں شریک ہیں۔ عوام کے لیے نمائش کے دروازے گزشتہ روز کھولے گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اتوار 19 مارچ کو شمالی جرمن شہر ہینوور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سب سے بڑے عالمی میلے CeBit کا افتتاح کرتے ہوئے ٹیکنالوجی ماہرین پر زور دیا کہ وہ اپنے ساتھی انسانوں کو پیچھے نہ چھوڑیں بلکہ ٹیکنالوجی کی اس دوڑ میں انہیں اپنے ساتھ لے کر چلیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میرکل نے ٹیکنالوجی کمپنیوں سے پرزور اپیل کی کہ ڈیجیٹل تبدیلیوں کی وجہ سے بے یقینی کے شکار انسانوں کو نظر انداز نہ کیا جائے۔ میرکل کا کہنا تھا کہ ان انسانوں کو نئے انقلابی ڈیجیٹل دور میں ساتھ لے کر چلنے کا کام صرف سیاسی شعبے کے بس کی بات نہیں ہے۔