ٹی ایس راوت بھی اعلیٰ کمان سے مشورے کیلئے دہلی پہنچے

دہرادون21 مارچ (ایجنسی): اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ ہی اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ٹی ایس راوت بھی دہلی میں اپنے وزیروں کے محکمے کی تقسیم کے سلسلے میں اعلیٰ کمان سے مشورے کیلئے پہنچے ہیں۔ بات چیت کے بعد اعلیٰ کمان یہ فیصلہ کرے گاکہ کس وزیر کو کون سا محکمہ دیا جائے۔ کہا جارہا ہے کہ حلف برداری کے بعد دو دنوں کے اندر ہی وزیراعلیٰ راوت نے اپنے وزیروں کو دیئے جانے والوں محکموں کی فہرست تیار کرلی ہے۔ لیکن دہلی میں اعلیٰ کمان سے مشورے کے بعد وہ فہرست کو قطعی شکل دیں گے۔ مانا جارہا ہے کہ ستپال مہاراج اور پرکاش پنت کو کوئی بھاری بھرکم وزارت دی جاسکتی ہے۔ 24 مارچ سے اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے والا ہے ۔ اس سلسلے میں کہا جارہا ہے کہ آج ہی وزیروں کے درمیان قلم دان تقسیم کردیئے جائیں گے۔