ٹی ایس راوت نے سنبھالی اتراکھنڈ کی کمان

دہرادون، 18 مارچ (یواین آئی) مسٹر تریویندر سنگھ راوت نے آج اتراکھنڈ کے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا۔ مسٹر راوت ریاست کے آٹھویں وزیر اعلی بنے ہیں۔ ان کے ساتھ مسٹر ستپال مہاراج، پرکاش پنت، ہرک سنگھ راوت، بشن سنگھ چپھال، مدن کوشک، یشپال آریہ، سبودھ انیال اور اروند پانڈے نے کابینہ وزیر کے طور پر حلف لیا۔ محترمہ ریکھا آریہ اور مسٹر دھن سنگھ راوت نے ریاست کے وزیر کے عہدے کا حلف لیا۔اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ، مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد، وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ، سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے وزیر تھاورچند گہلوت، وزیر صحت جے پی نڈا، توانائی محکمے کے وزیر پیوش گوئل، ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر اور جھارکھنڈ کے وزیر اعلی رگھوور داس موجود تھے ۔واضح رہے کہ حال ہی میں ریاستی اسمبلی انتخابات میں 70 سیٹوں میں سے بھارتیہ جنتا پارٹی کو 57 سیٹیں ملی ہیں۔