پاکستان کو ٹماٹر، مرچ اور سبزی کی فراہمی پر روک

احمد آباد، 08 اکتوبر (یو این آئی) پاک مقبوضہ کشمیر (پی او کے ) میں دہشت گرد ٹھکانوں پر ہندستانی فوج کی محدود کارروائی (سرجیکل اسٹرائک) کے بعد دونوں ممالک کے درمیان بڑھی کشیدگی کے دوران گجرات میں سبزی کے تاجروں نے آئے دن خرافات کرنے والے اس پڑوسی ملک کو مرچ اور ٹماٹر کی فراہمی بند کر دی ہے ۔واضح رہے کہ گجرات پاکستان میں سبزیاں خاص طور پر مرچ اور ٹماٹر بھیجنے والی اہم ریاست ہے اور یہاں سے وہاں روزانہ اندازاً تین کروڑ روپے کی مرچ اور ٹماٹر اور دیگر سبزیاں پنجاب کی واگھہ سرحد کے ذریعے بھیجی جاتی ہیں۔ اس سپلائی کے رکنے سے وہاں کے بازاروں پر دباؤ بڑھنے کی امید ہے جس سے ان ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بہت اضافہ ہوسکتا ہے ۔ دوسری طرف گجرات اور ارد گرد ان کی قیمت میں کافی کمی ہوسکتی ہے ۔اس کاروبار سے وابستہ احمد آباد جنرل کمیشن ایجنٹ ایسوسی ایشن کے سکریٹری جنرل احمد پٹیل نے بتایا کہ اندازاً گجرات سے روزانہ 50 ٹرک تقریباً 10 ٹن سبزیاں بنیادی طور پر مرچ اور ٹماٹر لے کر واگھہ کے راستے پاکستان جاتے ہیں۔ لیکن حال میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ کے سبب کاروباریوں نے گزشتہ دو دن سے یہ کھیپ روک دی ہے ۔ سال 1997 کے بعد یہ پہلی بار ہے جب گجرات کے تاجروں نے پاکستان کو سبزیوں کی فراہمی روکی ہے ۔