پرینکا چوپڑا اقوام متحدہ کے گلوبل سٹیزن فیسٹول کی میزبانی کریں گی

ممبئی،28 جولائی(پی ایس آئی) بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا جو اقوام متحدہ کے گلوبل سٹیزن فیسٹول کی میزبانی کریں گی، نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر لوگوں نے اپنے آپ اور اپنے ملک کو بہتر ثابت کرنے کے لئے انسانیت کو نظر انداز کردیا ہے،سابق حسینہ عالم جو اب شہرت کی عالمی بلندیوں پر ہیں، نے بھارت کے بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک ایسے ملک سے تعلق رکھتی ہوں ،جہاں ایک جانب بے تحاشا غربت ہے دوسری جانب دولت کی بہتات ہے،وہاں غربت اور دولت کا عجیب امتزاج موجود ہے۔اداکارہ نے گلوکار عشر کے ہمراہ امریکی ٹی وی شو میں خصوصی خبر کا اعلان کیا،انہوں نے گلوبل سٹیزن اور کس طرح یہ ہر نوجوان کو متاثر کررہا ہے،کی اہمیت پر بات کی۔اداکارہ نے بیان پڑھا جس کی تفصیلات یہ ہیں،اداکارہ نے کہا کہ میں ایک ایسے ملک سے آئی ہوں جہاں غربت اور دولت کی فراوانی ساتھ ساتھ ہیں، کبھی کبھی میں یہ محسوس کرتی ہوں کہ دنیا عالمی سطح پر پیش آنے والے واقعات کے بارے میں بے حس ہوچکی ہے۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ ہم انسانیت کو بھول چکے ہیں، ہم اس لئے لڑ رہے ہیں کہ ہمارا خدا تمھارے خدا سے بہتر ہے،میرا ملک بہتر ہے یا تمھار ا نلک بہتر ہے،ہم دنیا اور نوجوانوں کے مستقبل کو فراموش کرچکے ہیں۔اداکارہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ گلوبل سٹیزن فیسٹول آج کینوجوانوں کوجو آئندہ نسل ہیں ، یہ کہنے کی طاقت دے گا کہ میں تبدیلی لاسکتا ہوں اور میں تبدیلی یہ دیکھنا چاہتا ہوں۔ پریانکا چوپڑا ان دنوں کوانٹیکو سیزن ٹو کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، کوانٹیکو سیزن ون آئندہ ماہ سے ٹی وی چینل پر نشر کیا جائے گا، اداکارہ کی ہولی وڈ کی پہلی فلم بے واچ آئندہ برس ریلیز کی جائے گی۔