پنشن کی رقم نہیں ملنے پر وارڈ کونسلرکے دفتر کا گھیراؤ

پٹنہ سیٹی، 17مارچ (ذوالقرنین)۔ وارڈ 60 کے رہنے والے عوامی تحفظ پنشن کے مستحقین کو گزشتہ تقریباً 12 ماہ سے پنشن کی ادائیگی نہیں ہونے پر پنشن کے مستحقین نے آج مقامی وارڈ کونسلر کے آفس کا گھیراؤ کیا۔ پنشن کی رقم سے محروم پنشن کے مستحقین نے وارڈ کونسلر بلرام چودھری کو بھی کھری کھوٹی سنائی ۔ پنشن سے محروم لوگوں کا کہنا تھا کہ وارڈ کونسلر کے آفس میں رقم ادائیگی سے متعلق تمام کاغذات وقت پر جمع کرچکے ہیں اس کے باوجود متعلقہ بینک اور وارڈ آفس کا چکر لگا لگاکر تھک چکے ہیں۔ وارڈ کونسلر بلرام چودھری نے تمام گھیراؤ کرنے والے لوگوں کو سمجھاتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کے تمام کاغذات نگم آفس میں وقت رہتے جمع کرچکے ہیں ۔ اس کے باوجود ذمہ دار افسران کی بے توجہی کی وجہ سے دیر ہورہی ہے اور مستحقین کا غصہ ہم پر پھوٹ پڑا ہے۔ وارڈ کونسلر نے پنشن کے مستحقین کو بھروسہ دلاتے ہوئے کہا کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر آپ کا روپیہ آپ کے اکاؤنٹ میں نہیں آتا ہے تو آپ کے ساتھ نگم آفس سے لے کر سڑک تک کا گھیراؤ اور مظاہرہ کریں گے۔ مظاہرہ کرنے والوں میں فاطمہ خاتون، منیا دیوی ، بالمیکی پرساد، سروج دیوی، آشا دیوی، محمد کلیم الدین، کنچن دیوی، گوتم دیوی، محمد فخر الدین، محمد شہاب الدین، جملہ خاتون، دیناناتھ مہتو، سریندر پرساد وغیرہ شامل تھے۔