پوجا پنڈال میں توڑ پھوڑ کو لے کر مشرقی چمپارن میں کشیدگی

موتیہاری 12 اکتوبر (محمد ارشد): مشرقی چمپارن ضلع کے ترکولیا چوک پر پوجا پنڈال کے پاس بروز منگل دیر رات شرارتی عناصر کے ذریعہ لائٹ اور پنڈال میں توڑ پھوڑ کئے جانے کے بعد دو فرقہ کے لوگوں کے بیچ کشیدگی برقرار ہے۔ توڑ پھوڑ کے بعد ناراض ایک فریق کے لوگوں نے موتیہاری ۔ارے راج سڑک کو جام کردیا اور انصاف کی مانگ پر بضد ہوگئے۔ اس وجہ سے سات کلو میٹر لمبا جام لگ گیا۔ ہجوم کو کنٹرول کرنے کیلئے پولس نے لاٹھی چارج کیا ۔ درجن بھر سے زائد آنسو گیس کے گولے چھوڑے گئے۔ بے قابو ہجوم کو کنٹرول کرنے اور علاقے میں امن بحال کرنے کیلئے ترکولیا بلاک کے گدریا سے پرشورام پور تک حکم امتناعی نافذ کردیا گیاہے۔ لوگوں کو کہا گیا ہے کہو ہ اپنے اپنے گھروں میں رہیں۔ غیر ضروری بھیڑ نہ لگائیں ، یا کہیں کسی بھیڑ کا حصہ نہ بنیں ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے کے ساتھ ہی ڈی ایم انوپم کمار اور ایس پی جتیندر رانا موقع پر پہنچے پھر علاقے میں بڑی تعداد میں جوانوں کی تعیناتی کردی گئی۔ دونوں افسروں نے سب سے پہلے واقعہ کی تفصیلی جانکاری حاصل کی اور لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ لیکن مشتعل لوگ ضد پر قائم رہے ۔ ایس پی جتیندر رانا نے ابتدائی طور پر کشیدگی کو روکنے میں ناکام رہنے کیلئے ترکولیا کے تھانہ دار فیصل احمد انصاری کو فوری اثر سے معطل کردیا ہے۔ اس درمیان دیہی علاقوں میں شرپسندوں کے ذریعہ لگاتار افواہ پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ڈی ایم اور ایس پی نے لوگوں سے افواہوں پر دھیان نہیں دینے کی اپیل کی ہے۔ علاقے میں پولس اہلکار لگاتار گشت لگارہے ہیں۔ صورتحال کشیدہ مگر قابو میں ہے۔ ڈی ایم ، ایس پی اور ضلع کے عوامی نمائندگان امن کمیٹی کے ممبران کے ساتھ علاقے میں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ کشیدگی کو ختم کرنے کی لگاتار کوشش کی جارہی ہے ۔افواہ پھیلانے والے عناصر کی کھوج بین کی جارہی ہے۔ دریں اثنا پنڈال میں توڑ پھوڑ کیلئے ناراض لوگوں کی جانب سے سڑک جام کا سلسلہ جاری ہے ۔تادم تحریر موتیہاری۔ ارے راج روڈ پر لمبا جام لگا ہوا ہے۔ آمدورفت پوری طرح متاثر ہے ۔ علاقے کے ایم ایل اے اور ایم ایل سی بھی وہاں پہنچ کر مشتعل لوگوں کو سمجھانے بجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ضلع امن کمیٹی کے اراکین کے ساتھ اسمبلی میں برسراقتدار جماعت کے وھیپ راجندر رام اور ایم ایل سی ستیش کمار بھی متاثرہ علاقے میں کیمپ کر کے لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ بدھ کی صبح تک لگ بھگ چار دور کی بات چیت ہوچکی ہے لیکن لوگ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ سے پیچھے ہٹنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ ہر سدھی تھانہ کے تحت اوریا ،سرسوا گاؤں سے بروز منگل دیر رات ایک فریق کے لوگ جلوس لے کر ترکولیا چوک آرہے تھے۔ الزام ہے کہ اسی درمیان راستے میں چوک کے پاس واقع پنڈال میں جل رہی ٹیوب لائٹ کو جلوس میں شامل شرارتی عناصر نے توڑ دیا۔ اس کے بعد جیسے ہی صبح ہوئی یہ بات دوسرے فریق کے لوگوں کے بیچ تیزی سے گشت کرنے لگی ۔ دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں کی بھیڑ وہاں جمع ہوگئی اور پھر سب نے مل کر سڑک جام کردیا۔ ایس پی جتیندر رانا کے مطابق تھانہ دار نے بھیڑ کو کنٹرول نہیں کیا اور باہمی کشیدگی کو دور کرنے میں ناکام رہنے کی وجہ سے تھانہ دار کو معطل کردیا گیا ہے۔ پورے معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔ قصورواروں کے خلاف یقینی طور پر سخت کارروائی کی جائے گی۔