پوری دنیا میں جائے گا امن کا پیغام : نتیش

پٹنہ22 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ پٹنہ میں انٹر نیشنل سکھ کنکلیو اور گروگوند سنگھ جی مہاراج کے 350 ویں پرکاش اتسو کے انعقاد سے پوری دنیا میں امن اور خیر سگالی کاپیغام جائے گا۔ وزیراعلیٰ آج تین روزہ سکھ کنکلیو کے افتتاحی سیشن سے خطاب کررہے تھے۔ جس کا رسمی افتتاح وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل اور دیگر معزز شخصیتوں کے ساتھ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلی بار ریاستی حکومت کی طرف اتنے بڑے پیمانے پر اس طرح کے پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 50سال قبل جب 300 واں پرکاش اتسو منایا گیا تھا اس وقت ہم اسٹوڈنٹ تھے اور بہار بدترین قحط کے دور سے گزررہا تھا اور یہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ جب 350 واں پرکاش اتسو منایا جارہا ہے تو مجھے ریاستی حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے میزبانی کرنے اور سارے انتظامات کرنے کا اعزاز حاصل ہورہا ہے۔ مجھے تو لگتا ہے کہ مجھے گرو کی کرپا سے حکومت کی قیادت کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت پرکاش اتسو کا شاندار اور یادگار انعقاد کرے گی۔ بہار غریب ریاست سہی لیکن مہمانوں کی میزبانی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے عالمی سکھ برادری سے اپیل کی کہ وہ کثیر تعداد میں پرکاش اتسو میں شامل ہوں ۔آپ حکومت بہار کے نہیں بلکہ بہار کے مہمان ہیں اور بہار آپ کے استقبال کیلئے پلکیں بچھائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ بہار کی قابل فخر تاریخ رہی ہے اسے ہر مذہب کے ماننے والوں کی بڑی ہستیوں کے جائے پیدائش یا جائے عمل ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ گرو گوند سنگھ جی مہاراج کی پیدائش پٹنہ میں ہوئی یہ پورے بہار کیلئے فخر کی بات ہے۔ مہاتما بدھ کو بہار کے بودھ گیا میں ہی عرفان حاصل ہوا اور بہار کو مگدھ حکومت کی راجدھانی ہونے کا بھی شرف حاصل رہا ہے۔انہوں نے سکھ کنکلیو میں شریک ہونے والے مہمانوں سے اپیل کہ وہ تخت ہر مندر صاحب کے علاوہ راجگیر، بودھ گیا اور ریاست کے دیگر سیاحتی مقامات کا بھی معائنہ کریں ۔راجگیر میں تو گرونانک دیو جی کی بھی یادگار ہے جہاں انہوں نے قیام کیا تھا۔ وہاں ٹھنڈے پانی کا کنڈ بھی گرونانک جی کی یادوں سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے گروگوند سنگھ جی کو ایک سنت فوجی بتاتے ہوئے کہا کہ ان میں غضب کی قائدانہ صلاحیت تھی ۔ مہاتما گاندھی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے بھی چمپارن ستیاگرہ کیلئے بہار کا ہی انتخاب کیا تھا اور یہ حسن اتفاق ہے کہ اسی سال چمپارن ستیاگرہ کا 100 واں سال بھی منایا جارہا ہے۔پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل نے اپنی تقریر میں پرکاش اتسو اور انٹر نیشنل سکھ کنکلیو کے شاندار انعقاد کیلئے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نتیش جی بڑا کام کیا ہے۔جو کام انہوں نے کیا ہے وہ ہم بھی نہیں کرسکیں گے۔ میں پوری سکھ برادری کی طرف سے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ان سے گذارش کی تھی کہ پرکاش اتسو اور کنکلیو کے انعقاد میں ان کی طرف سے بھی کچھ حصہ داری قبول کرلی جائے مگر نتیش جی نہیں مانے انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز مجھ سے اور میری حکومت سے نہ چھینئے مجھے خدمت کا موقع دیجئے۔ اس لئے سارا انتظام ریاستی حکومت کررہی ہے جس کیلئے وہ مبارکباد اور شکریہ کی مستحق ہے۔ پرکاش سنگھ بادل نے اس موقع پر یہ اعلان کیا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پٹنہ میں گرو گوند سنگھ جی کے نام پر ایک بڑی عمارت کی تعمیر ہو جس میں باہر سے آنے والے سکھ زائرین قیام کرسکیں۔ میں اس کام کیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے دس کروڑ کا چیک لے کر آیا ہوں جو نتیش جی کو اس گذارش کے ساتھ پیش کررہا ہوں کہ وہ اس سے ایک شاندار عمارت کی تعمیر کا انتظام کردیں۔ افتتاحی سیشن میں 7 ملکوں اور 9 ریاستوں سے سکھ گیانی، دانشور اور سیاستداں کے علاوہ بہار کے نائب وزیراعلیٰ تیجسوی پرساد یادو، وزیر اقلیتی فلاح عبدالغفور، کرشن نندن ورما، اودھیش کمار اور انیتا کماری بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے پنجاب کے وزیراعلیٰ کے ساتھ گروگوند سنگھ جی کی حیات وخدمات پر مبنی کتاب کا اجرابھی کیا اور موبائل ایپ بھی لانچ کیا۔ وزیراعلیٰ کے خطاب کے دوران کئی بار بولے سو نہال کے نعرہ لگے ۔ تین روزہ کنکلیو کے اختتامی سیشن میں بہار کے گورنر رام ناتھ کووند شریک ہوں گے۔ اس کنکلیو میں امریکہ، انگلینڈ، کناڈا، نیوز ی لینڈ، میانمار، آسٹریلیا، ملیشیا اور ہندستان کے مختلف حصوں سے تقریباََ 200 مندوبین حصہ لے رہے ہیں۔