پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 16 جون سے روزانہ طے ہوں گی

نئی دہلی، 8 جون (یو این آئی) ملک میں پٹرول۔ڈیزل کی قیمتیں 16 جون سے روزانہ کی بنیاد پر طے کی جائیں گی۔تیل اور قدرتی گیس کے وزیر دھرمیندر پردھان کے ساتھ میٹنگ کے بعد تیل کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں نے آج یہ فیصلہ کیا۔ فی الحال تیل کی کمپنیاں 15 دنوں کی بنیاد پر بین الاقوامی بازار میں قیمتوں میں کمی بیشی کے مدنظر گھریلو بازار میں پٹرول۔ڈیزل کی قیمتوں میں تبدیلی کرتی ہیں۔دونوں ایندھن کی قیمتیں روزانہ تبدیل کرنے کا عمل تیل کمپنیوں نے اس سال یکم مئی سے پانچ شہروں پوڈوچیری، ادے پور، جمشید پور، چنڈی گڑھ اور وشاکھاپٹنم میں تجرباتی طور پر شروع کیا تھا۔مسٹر پردھان نے میٹنگ میں تیل کمپنیوں سے پورے ملک میں قیمت طے کرنے کانیا نظام شروع کرنے کیلئے کہا تھا۔ تیل کمپنیوں نے 16 جون سے نئی قیمت کا نظام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔تیل تقسیم کرنے والی معروف کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے کہا ہے کہ روزانہ خردہ قیمت طے ہونے سے موجودہ بازار کی صورتحال کا زیادہ بہتر طور پر پتہ چلے گا۔ اس سے نظام میں زیادہ شفافیت آئے گی۔نئے نظام سے ریفائنری ڈپو سے پٹرول پمپوں تک زیادہ مناسب طریقے سے پیداوار کی پہنچ ہوگی۔ کئی ترقی یافتہ ممالک میں روزانہ کی بنیاد پر قیمت کا نظام پہلے سے نافذ ہے ۔ کمپنیاں صارفین کو روزانہ قیمتوں کی اطلاع دینے کیلئے خاطرخواہ اقدامات کر رہی ہیں جن میں اخباروں میں اشتہار دینا، پٹرول پمپوں پر قیمت دکھانا، ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع بھیجنا وغیرہ شامل ہیں۔