پٹنہ،20مئی(یواین آئی)پٹنہ کے شری کرشن پوری تھانہ علاقے کے بورنگ روڈ چوراہے پر واقع ایک بڑے مال میں آج صبح شدید آگ لگنے سے کروڑوں روپے کے اثاثے جل کر راکھ ہونے کا اندازہ ہے۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ بورنگ روڈ چوراہے پر واقع ایک پیٹرول پمپ کے پیچھے جی بی مال میں صبح شدید آگ لگ گئی۔دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے اس عمارت کی پانچ منزلوں کو اپنی زد میں لے لیا۔اس حادثے میں کروڑوں روپے کے اثاثے جلنے کا اندازہ ہے۔حالانکہ آگ لگنے سے پیٹرول پمپ کوکوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ کا فوراً پتہ نہیں چل سکا ہے۔فائربریگیڈ محکمے کی دس گاڑیوں نے تقریباً تین گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا ہے۔ اس حادثے میں کسی شخص کے زخمی ہونے یا مرنے کی اطلاع نہیں ہے۔پولیس معاملے کی تفتیش کررہی ہے۔ اسی دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق نائب ویزاعلی سشیل کمار مودی نے کہا کہ اس مال کی تعمیر راشٹریہ جنتا دل(آر جے ڈی)کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر شری ناراین کے بیٹے نے کرائی ہے۔اسی مال میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو کی بیٹی روہنی اچاریا کی قریب 983 مربع فٹ کی جائداد ہے۔ مسٹر مودی نے کہا کہ اس مال میں آگ بجھانے کا انتظام کیوں نہیں تھا اور شدید آگ کے بعد فائربریگیڈ عملے کی گاڑیاں جلد کیوں نہیں پہنچیں یہ جانچ کا موضوع ہے۔انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر اس شدید آگ سے کروڑوں روپے کے اثاثے کا نقصان ہوا ہے۔