کانگریس پنجاب میں منشیات کے خلاف فیصلہ کن لڑائی لڑے گی:راہل

جالندھر،13 جون (یو این آئی) کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ پارٹی پنجاب میں منشیات کے خلاف فیصلہ کن لڑائی لڑے گی۔مسٹر گاندھی ریاست کی بگڑتی ہوئی امن اور قانون کی صورتحال اور منشیات کے خلاف منعقد ریلی سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی سرکار قائم ہونے کے بعد ایک مہینہ کے اندر منشیات کے کاروبار کو ختم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نوجوانوں نے مجھ سے کہا تھا کہ پنجاب آئیے اور اسے بچائیے جو نشہ سے تباہ ہورہا ہے ۔کانگریس کے نائب صدر نے کہا کہ ہم یہ لڑائی لڑیں گے اور جن لوگوں نے منشیات کے ذریعہ آپ کاپیسہ ہڑپ کیا ہے اسے واپس لایا جائے گا۔ فلم اڑتا پنجاب کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی اصل تصویر پیش کرنے والی اس فلم کو ریلیز ہونے نہیں دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے اکالی دل کو فائدہ ہورہا ہے ۔راہل نے کہا کہ کانگریس نے جب بھی ریاست میں منشیات کے خلاف آواز اٹھائی ہے ۔ اکالی دل اور بی جے پی نے اس پر پنجاب کو بدنام کرنے کا الزام لگایا ہے ۔ اکالی کہتے ہیں کہ ریاست میں منشیات اور بے روز گاری جیسا کوئی مسئلہ نہیں ہے جب کہ عوام سچائی جانتے ہیں۔ سچائی یہ ہے کہ پنجاب کا مستقل خطرہ ہیں۔ یہاں کے نوجوانوں کے پیروں میں نشہ کی زنجیر ڈال دی گئی ہے ۔ جنہیں توڑے بغیر نوجوان آگے نہیں بڑھ سکتے ۔ یہی پنجاب کی شکل ہے ۔مسٹر گاندھی نے کہا کہ میں جب بھٹا پر سول گیاتھا تو صحافی بھائیوں نے بھی میرا مذاق اڑایاتھا کہ یہاں کچھ نہیں ہوا ہے ۔ آپ وہاں کیوں گئے لیکن میں وہاں گیا اور کئی سال تک کسانوں کی لڑائی لڑی۔ یہ سچائی کسان جانتے ہیں۔راہل نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کسانوں سے کم سے کم امدادی قیمت کا وعدہ کیاتھا لیکن اس کا کیا ہوا یہ صرف کسان سمجھ سکتے ہیں۔