کجریوال کے خلاف بھوک ہڑتال پر بیٹھے کپل مشرا کو تھپڑمارنے کی کوشش

نئی دہلی، 10؍مئی(آئی این ایس انڈیا ):دہلی کے برخاست وزیرکپل مشرانے عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کے غیرملکی دوروں کی فنڈنگ کی تفصیلات دئیے جانے کے مطالبے کو لے کر آج اپنی بھوک ہڑتال شروع کر دی۔مشرانے نامہ نگاروں سے کہاکہ میں اس وقت تک کے لیے ستیہ گرہ پربیٹھ رہا ہوں جب تک کہ کچھ سینئرآپ لیڈروں کے غیرملکی دوروں کی تفصیلات پر وضاحت نہیں مل جاتی ۔انہوں نے کہاکہ یہ دھرنا نہیں، بلکہ ستیہ گرہ ہے، میں وزیراعلیٰ اروندکیجریوال کوپیغام دیناچاہوں گاکہ وہ اپنے پانچ لیڈر ستیندر جین، آشیش کھیتان، راگھو چڈھا، سنجے سنگھ اور درگیش پاٹھک کے غیرملکی دوروں کی تفصیلات عوامی کریں۔مشرانے الزام لگایا تھا کہ انہوں نے کجریوال کو دو کروڑ روپے کی رشوت لیتے دیکھاہے ۔اس کے بعدمشراکوآپ سے معطل کر دیاگیاتھا۔مشرا نے آج کہا کہ آپ لیڈروں کے غیرملکی دوروں کی تفصیلات سے ان کی طرف سے کی گئی مبینہ بدعنوانی کے بارے میں کافی کچھ سامنے آئے گا۔انہوں نے کل ایک دوسرے خط میں آپ سربراہ کواپنے خلاف الیکشن لڑنے کاچیلنج بھی دیاتھا۔مشرا نے خط میں کہاکہ آپ مجھے اسمبلی سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں، میں آپ کو اپنے خلاف کسی بھی سیٹ سے الیکشن لڑنے کا چیلنج دیتا ہوں۔ چلئے، آپ میری کراول نگر سیٹ یا اپنی نئی دہلی سیٹ سے الیکشن لڑیں۔اگر آپ کو لگتا ہے کہ لوگ آپ کے ساتھ ہیں تو میں استعفی دینے کو تیار ہوں۔بھوک ہڑتال کے دوران کپل مشرا کو ایک شخص نے تھپڑ مارنے کی کوشش کی ۔ جس پر لوگوں نے قابو پالیا۔ اس کانام انکت بھاردواج بتایا جارہا ہے۔ انکت سے جب میڈیا کے لوگوں نے سوال کیا کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا تو اس کا جواب تھا کہ وہ پارٹی مخالف کام کررہے ہیں ، اس لئے میں نے انہیں مارنے کی کوشش کی ۔ مجرم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔