کرن بیدی نے دی استعفے کی دھمکی

پڈوچیری، 21 اگست (یو این آئی) پڈوچیري کی لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی نے چند اعلی افسران کے غیر متعاون سلوک سے پریشان ہوکر آج دھمکی دی ہے کہ صاف پڈوچیري مہم میں تعاون نہ ملنے پر وہ استعفی دے دیں گی۔ محترمہ کرن بیدی نے یہاں ایک میراتھن ریس کو ہری جھنڈی دکھانے کے موقع پر منعقد ہ پروگرام میں کہا کہ صبح سڑکوں کی صفائی کے کام کرنے سے چند سینئر افسران نے انکار کر دیا ہے ۔ اور محض کچھ ہی افسران اس مہم میں ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ” ایسا نہیں چل سکتا۔ سڑکوں کی صفائی صرف لیفٹننٹ گورنر کا کام نہیں ہے ۔ یہ ہم سب کا کام ہے ۔ لوگ سڑکوں کو گندہ کررہے ہیں اور لیفٹننٹ گورنر ان کو صاف کر رہی ہی”۔ انہوں نے میراتھن میں حصہ لینے والے نوجوانوں سے پوچھا کہ کیا یہ درست طریقہ ہے ؟۔ انہوں نے کہاکہ “ایک صاف اور صحت مند پڈوچیري بنانا ہر کسی کی ذمہ داری ہے ۔ یہ صرف میری ذمہ داری نہیں ہے ۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ میں ایل جی کے طور پر کام کرتی رہوں ،تو آپ کو میرا ساتھ دینا ہوگا”۔