کرپشن کے خلاف سختی سے پیش آئے گی میری حکومت: راوت

نئی دہلی، 22 مارچ (یو این آئی) اتراکھنڈ کے نئے وزیر اعلی تریویندر سنگھ راوت نے آج کہا کہ ان کی حکومت بدعنوانی سے سختی سے نمٹے گی اور اس معاملے میں کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ مسٹر تریویندر سنگھ راوت نے پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملنے کے بعد صحافیوں سے کہا کہ ان کی حکومت بدعنوانی کو قطعی برداشت نہیں کرے گی اور بدعنوانی کے معاملات میں قصورواروں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔ وزیر اعظم سے ملاقات سے پہلے انہوں نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور شہری ترقیات کے وزیر وینکیا نائیڈو سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ سب لوگوں نے ریاست میں ترقیاتی کاموں کے لئے ان کو مرکز کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر نائیڈو نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ ریاست کے منصوبوں کے لئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔ مسٹر راوت نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم سمیت تمام مرکزی وزراء کو اپنی حکومت کی ترجیحات سے مطلع کیا اور کہا کہ عوام نے ان پر جن کاموں کے لئے اعتماد ظاہر کیا ہے ان پر ان کی حکومت کھری اترے گی۔ ریاستی حکومت میں وزراء کے محکموں کی تقسیم میں تاخیر کے سوال پر انہوں نے کہا کہ محکموں کی تقسیم باہمی تبادلہ خیال سے کیا جاتا ہے اور یہ کام مکمل ہو گیا ہے ۔ محکموں کا اعلان جلد ہی کر دیا جائے گا۔ وزیر اعلی کا آج شام چھ بجے صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی سے ملنے کا پروگرام ہے ۔