کم از کم 20 رن فاضل بنانے چاہئے تھے :وراٹ

لندن۔ 9 جون (یو این آئی) ہندستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے سری لنکا کے خلاف 321 رن بنانے کے باوجودآئی سی سی چیمپئنس ٹرافی کا اہم مقابلہ ہارنے کے بعد کہا ہے کہ ٹیم کو اور زیادہ رنوں کی ضرورت تھی اور بورڈ پر کم از کم 20 رن فاضل بنانے چاہئے تھے ۔ہندستانی ٹیم نے گروپ بی کے میچ میں سری لنکا کے خلاف اچھی شروعات کرتے ہوئے مقررہ 50 اووروں میں چھ وکٹ پر 321 رن بنائے تھے جس میں شکھردھون کی لاجواب سنچری (125) اور روہت شرما اور مہندر سنگھ دھونی کی نصف سنچریاں شامل تھیں۔اس کے باوجود ٹیم انڈیا یہ میچ سات وکٹ سے گنوا بیٹھی۔ کپتان وراٹ نے کہا کہ وہ اس شکست سے بہت غمزدہ ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ بلے بازوں کو بورڈ پر 20 فاضل رن زیادہ بنانے چاہئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ تو جیت نہیں سکتے لیکن بلے بازی کے حساب سے مجھے لگتا ہے کہ ہم نے بہتر کیا لیکن بورڈ پر اگر کچھ رن اور ہوتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔ ہمیں اب آئندہ میچ میں کم از کم 20 رنوں کا فاضل اسکور بنانا ہوگا کیونکہ ہم اگلا میچ اسی میدان پر کھیلیں گے ۔ حالانکہ بلے بازوں نے اس شکست کا ذمہ دار گیندبازوں کو نہیں ٹھہرایا جو میچ میں صرف تین ہی وکٹ حاصل کرسکے اور مخالف ٹیم آٹھ گیندیں باقی رہتے ہوئے میچ جیت گئی۔اس شکست کے بعد اب جنوبی افریقہ کے خلاف میچ ناک آ¶ٹ میں پہنچنے کی وجہ سے ‘کرو یا مرو ‘ کا ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا ”میں اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی مذمت کرنے یا انہیں ذمہ دار ٹھہرانے کے بجائے مخالف ٹیم کے بلے بازوں کی تعریف کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا ہے ”۔
ملک کے سب سے امیر کھلاڑی وراٹ نے کہا “میں نجی طور پر تو یہی سوچ رہا تھا کہ بورڈ پر ہم نے فتح کے لیے صحیح اسکور بنایا ہے اور ہمارے گیند بازوں نے بھی احتیاط سے کھیلا۔ لیکن اگر سری لنکا کے بلے باز اس طرح آکر کھیلیں گے تو آپ کو مخالف ٹیم کو ہی کریڈٹ دینا ہوگا”۔گزشتہ چمپئن ہندستان اگر یہ میچ جیت جاتا تو سیمی فائنل میں پہنچ جاتا لیکن اس شکست سے اب گروپ میں سبھی ٹیمیں برابری پر آ گئی ہیں اور اب جو بھی ہارا وہ باہر ہو جائے گا۔ ایسی صورت حال پر وراٹ نے کہا ”ہاں، اب تو یہ بہت دلچسپ ہو گیا ہے ۔ یہ ایک طرح سے کوارٹر فائنل تھا۔ ہمارے گروپ میں تو اب تمام ٹیموں کے پاس برابر پوائنٹس ہیں اور ہمیں ہر حال میں دوسرا میچ جیتنا ہوگا۔ مجھے لگتا ہے کہ اب ہم سب ٹیمیں ایک جیسی پوزیشن میں ہیں”۔کپتان نے مانا کہ شائقین کے لیے یہ زیادہ دلچسپ ہوگا۔ انہوں نے کہا ”مجھے لگتا ہے کہ ٹورنامنٹ میں جس کی بھی دلچسپی ہے اور جو بھی اس سے وابستہ ہیں ان سب کے لیے یہ صورت حال بہت دلچسپ ہوگی۔ . اب تو آپ کے دو کوارٹر فائنل ہو گئے ہیں۔ ہم اپنی پوزیشن کو اچھی طرح سے جانتے ہیں اور اپنی طرف سے ہر ممکن کوشش کریں گے “۔