کوشل وکاس مشن کی گورننگ کونسل ومجلس عاملہ کی تشکیل نو کو منظوری

وزیر اعلیٰ کی صدارت میں کوشل وکاس مشن کی گورننگ کونسل کی میٹنگ میں لئے گئے کئی اہم فیصلے

پٹنہ، 3جون (طارق حسن)۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں آج وزیراعلیٰ سکریٹریٹ کے سنواد میں بہار کوشل وکاس مشن کے گورننگ کونسل کی 5 ویں میٹنگ اختتام پذیر ہوئی۔ میٹنگ کے بعد سکریٹری محنت وسائل دیپک کمار سنگھ نے بتایاکہ میٹنگ میں کوشل وکاس مشن کی گورننگ کونسل اور مجلس عاملہ کمیٹی کی تشکیل نو کی تجویز کو منظوری دی گئی۔ ابھی تک بہار کوشل وکاس مشن کی گورننگ کونسل وزیراعلیٰ کی صدارت میں تشکیل تھی۔ بہار وکاس مشن کی گورننگ کونسل وزیراعلیٰ کی صدارت میں تشکیل ہوجانے کے نتیجہ میں بہار کوشل وکاس مشن کی گورننگ کونسل کو ترقیات کمشنر کی صدارت میں تشکیل نوکئے جانے کا فیصلہ لیا گیا۔ تشکیل نو گوننگ کونسل میں مہارت فروغ سے متعلق سبھی محکموں کے پرنسپل سکریٹری/ سکریٹری، انڈسٹری ایسوسی ایشنوں کے نمائندے، اعلیٰ تعلیمی اداروں اور ماہرین تعلیم کے 5 نامزد نمائندوں کو ممبر کے طور پر رکھے جانے کا فیصلہ لیا گیا۔ گورننگ کونسل کے ممبر سکریٹری کے طور پر پرنسپل سکریٹری/ سکریٹری، محنت وسائل محکمہ کو رکھے جانے کا فیصلہ لیا گیا۔ سکریٹری محنت وسائل دیپک کمار سنگھ نے بتایا کہ بہار کوشل وکاس مشن کی مجلس معاملہ جو ترقیات کمشنر کی صدارت میں تشکیل ہے، کو تحلیل کرتے ہوئے پرنسپل سکریٹری/ سکریٹری، محنت وسائل محکمہ کی صدارت میں دوبارہ تشکیل کئے جانے کا فیصلہ لیا گیا ۔ اس کمیٹی کے ممبر کے طور پر بھی ماہر ٹرینرسے متعلق سبھی محکموں کے پرنسپل سکریٹری/ سکریٹری، انڈسٹری ایسوسی ایشنوں کے نمائندے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں، ماہرین تعلیم میں سے 5 نامزد نمائندوں کو ممبر کے طور پر رکھے جانے کا فیصلہ لیا گیا۔ بہار کوشل وکاس مشن کی حصولیابیوں میں مشن کے مقاصد کی توسیع کاری کو منظوری دی گئی۔ جس کے تحت باہر کوشل وکاس مشن کو Assessing & Certifying Agency (اسسمنٹ و سرٹیفکیشن ایجنسی) کی شکل میں کام کرنے کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ میں اتفاق رائے سے ریاستی حکومت کے 7 عزائم کے تحت ریاست کے نوجوانوں کو عطا کئے جانے والے سانسد کوشل اور کمپیوٹر کے بنیادی تربیتی پروگرام کا نام ’’کوشل یووا‘‘ رکھے جانے کا فیصلہ لیا گیا۔ بہار کوشل وکاس مشن کے چیف اکزیکٹیو افسر۔ کم۔ سکریٹری محنت وسائل محکمہ کے ذریعہ کئے گئے کاموں اور آگے کئے جانے والے کاموں کی منصوبہ بندی پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے علاوہ وزیر خزانہ عبد الباری صدیقی، شہری ترقیات وزیر مہیشور ہزاری، وزیر صنعت جے کمار سنگھ، دیہی ترقیات وزیر شرون کمار، وزیر زراعت رام وچار رائے، ترقیات کمشنر ششر سنہا، پرنسپل سکریٹری مالیات روی متل، پرنسپل سکریٹری صحت آر کے مہاجن، پرنسپل سکریٹری سماجی بہبود وندنا کنی، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری چنچل کمار، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری اتیش چندرا، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری منیش کمار ورما، سکریٹری محنت وسائل دیپک کمار سنگھ، متعلقہ محکموں کے پرنسپل سکریٹری/ سکریٹری، وزیر اعلیٰ کے امور خاص افسر گوپال سنگھ، بہار چیمبر آف کامرس کے صدر اوپی شاہ سمیت انڈسٹریش ایسوسی ایشنوں نمائندے اور سبھی متعلقہ افسر موجود تھے۔