کولکاتا پولس بہتر کام کر رہی ہے : ممتا بنرجی

کولکاتہ 20اگست:(نعیم ) وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بار پھر کولکاتا پولس کی پزیرائی کی۔ انہوں نے کہا کہ پولس کمشنر راجیب کمار کی قیادت میں کولکاتا پولس بہتر کارنامہ انجام دے رہی ہے۔نیتاجی انڈو ر اسٹیڈیم میں کولکاتا پولس کی جانب سے ایک کلچرل پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں وزیر اعلیٰ نے مذکورہ بالا تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کولکاتا دنیا کا محفوظ ترین شہر ہے۔ کولکاتا پولس بہت اچھا کام کر رہی ہے۔ پورے ملک میں کلکتہ پولس سب سے بہتر ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہر کی بڑی آبادی کے مقابلے کلکتہ پولس کے اہلکاروں کی تعداد بہت کم ہے اور عوام کو جرائم کی روک تھام میں مدد کیلئے آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پولس تنہا سب کچھ نہیں سنبھال سکتی انہیں شہریوں کا تعاون بھی درکار ہے۔ سائبر کرائم کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ طلبا و طالبات کو اس طرح کی سرگرمیوں کے سلسلے میں آگے بڑھ کر پولس کی مدد کرنی چاہئے۔