کوچ کاانتخاب کرتے وقت چیپل والی غلطی نہیں ہو گی:گنگولی

کولکتہ، 21 جون (یو این آئی) سابق ہندستانی کپتان سوربھ گنگولی نے کہا ہے کہ ہندستانی ٹیم کا چیف کوچ کا انتخاب بہت ذمہ داری والا کام ہے اور وہ کسی بھی حال میں اس بار وہ غلطی نہیں دھرائیں گے جیسی انہوں نے سال 2005 میں آسٹریلیا کے گریگ چیپل کے نام کی سفارش کرکے کی تھی۔سابق کپتان گنگولی اور سابق کوچ چیپل کے درمیان تنازعہ کرکٹ کی دنیا کے مشہور تنازعات میں ایک سمجھا جاتا ہے ۔اس دوران گنگولی کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا۔گنگولی نے اپنی کتاب ‘اے سنچری از ناٹ انف’ کے اجرا پر صحافیوں سے کہا کہ مجھے ایک بار پہلے بھی ہندوستان کا کوچ منتخب کرنے کا موقع ملا تھا۔لیکن میں نے اس بار غلطی کر دی تھی۔مجھے ایک بار پھر موقع دیا گیا ہے ۔میں نے ایک بار چیپل کا انٹرویو کیا تھا اور وہ کام میں نے ٹھیک طرح سے نہیں کیا تھا۔گنگولی نے کہا کہ بی سی سی آئی کی کرکٹ مشاورت کمیٹی اس وقت اپنے کام میں غلطی نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس بار ہم صحیح کام کریں گے ۔چاہے وہ جو بھی ہو،خوش قسمتی سے اس بار مجھے سچن تندولکر، وی وی ایس لکشمن، بی سی سی آئی کے سیکرٹری اجے شرکے اور صدر انوراگ ٹھاکر کا بھی ساتھ ملے گا جو کوچ منتخب کرنے میں میری مدد کریں گے ۔ہم مل کر صحیح انسان کا ہی اس عہدے پر انتخاب کریں گے ۔سابق کرکٹر نے بھی مانا کہ ان کے دماغ میں بھی ہندستانی ٹیم کا کوچ بننے کا خیال آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قریب ڈھائی سال پہلے میرے ذہن میں بھی اس نئی ذمہ داری کی بات آئی تھی۔لیکن ابھی میں خود کوچ منتخب کرنے کا کام کر رہا ہوں۔یہی زندگی ہے ۔میں نے انٹرویو نہیں دیا لیکن شاید میں کسی دن انٹرویو دوں۔بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن (کیب) کے صدر نے کہا کہ زندگی میں کچھ بھی یقینی نہیں ہے ۔کوئی نہیں جانتا کہ اگلے دو سال میں کیا ہوگا۔کوئی نہیں جانتا تھا کہ میں کیب کا صدر بنوں گا اور عالمی کپ ٹوئنٹی 20 کے فائنل کی میزبانی کا ذمہ سنبھالوں گا۔یہی زندگی ہے ۔سابق کپتان نے ساتھ ہی مانا کہ ہندستانی ٹیم کے کوچ کا انٹرویو کرنے کے موقع پر انہیں کافی کشیدگی تھی اور یہ احساس سال 1996 میں لارڈس میں ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھنے جیسا ہی تھا۔انہوں نے کہا کہ کوچ کے انٹرویو کے ایک دن پہلے مجھے نیند نہیں آئی۔اس کے بعد میں نے یو ٹیوب پر لارڈس میں اپنی سنچری دیکھی۔اس 12 منٹ کی ویڈیو کے بعد مجھے نیند آئی۔