گائے ،بھینس کی نہیں مسائل کی سیاست کریں : اکھلیش

لکھنؤ،17اگست (یواین آئی)اترپردیش کے وزیراعلی اکھیلیش یادو نے اپوزیشن کو گائے ،بھینس کے بجائے مسائل کی سیاست کرنے کی صلاح دی۔ مسٹر یادو آج یہاں طالبات کو کنیا ودیا دھن تقسیم کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں بھینس کھونے کی خبریں خوب چھپیں ۔سیاسی لوگوں کے اس پر بیان بھی آئے ۔اب گائے پر سیاست کی جارہی ہے ۔گائے اور بھینس پر سیاست بند کر کے بنیادی مسئلوں پر بحث ہونی چاہیے ۔رکن پارلیمنٹ رام شنکر کٹھیریا کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ ایک سابق مرکزی وزیر کا کتا کھو گیا تھا،اسے تلاش کرلیا گیا لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی کے لوگوں نے شکریہ تک ادا نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے مسئلوں کو اٹھانے پر بنیادی چیزوں پر بحث پیچھے چھوٹ جاتی ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ کنیاودیادھن کے تحت پہلے 20ہزار روپے دئے جاتے تھے لیکن اس رقم کو بڑھاکر اب 30ہزار روپے کردیا گیا ہے ۔آئندہ دنوں میں اسے مزید بڑھایا جائے گا۔اپنی حکومت کے کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ وہ اچھا کر رہے ہیں لیکن اپوزیشن غیر ضروری نکتہ چینی کرنے کا راستہ ڈھونڈ ہی لیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی حکومت کے ذریعہ تقسیم لیپ ٹاپ سے گاؤں کے طلبہ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔لیپ ٹاپ کے ذریعہ نوجوان دنیا سے جڑرہے ہیں۔ان کی معلومات میں اضافہ ہورہا ہے ۔بہوجن سماج پارٹی کی حکومت نے صرف پتھر بچھوائے ہیں۔پتھروں اور یادگاروں پر بے جاپیسہ خرچ کیا گیا ۔عوام کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ مسٹر یادو نے کہا کہ ان کی حکومت سڑکوں کا جال بچھوا رہی ہے ۔آگرہ سے لکھنؤ اور لکھنؤ سے بلیا تک بننے والے ایکسپریس وے سے کسانوں کی قسمت بدل جائے گی۔کسانوں کو منڈیاں ملیں گی۔ان کی پیداوار کا انہیں صحیح دام ملے گا اور وہ خوشحال ہوں گے ۔اس موقع پر وزیراعلی کی رکن پارلیمنٹ اہلیہ ڈمپل یادو ،سماجی بہبود کے وزیر رام گووند چودھری،ثانوی تعلیم کے وزیر بلرام یادو اور بنیادی تعلیم کے وزیر احمد حسن ،سیاسی پنشن وزیر راجیندر چودھری اور خاندانی بہبود کے وزیر مملکت روی داس ملہوترا بھی موجود تھے ۔