گانگولی نے دھونی کی کپتانی پر سوال اٹھائے

نئی دہلی،10مئی(یواین آئی)سابق ہندوستانی کرکٹر سوربھ گانگولی نے مہیندر سنگھ دھونی کے آئندہ چند برسوں تک قومی ٹیم کے کپتان بنے رہنے پر سوال اٹھایا ہے ۔ملک کے سب سے کامیاب کپتانوں میں شمار کئے جانے واے گانگولی نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ جب سلیکٹروں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ کیا وہ 2019ورلڈ کپ تک دھونی کو ٹیم کا کپتان بنے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں یا نہیں۔گانگولی نے ایک نیوز چینل سے بات چیت کے دوران کہا کہ دھونی کے آئندہ کچھ اور برسوں تک ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے پر شبہ ظاہر کرنے کے علاوہ اس عہدے کی ذمہ داری وراٹ کوہلی کو سونپی جانے کی بھی حمایت کی ۔سابق کپتان نے کہا کہ دھونی گزشتہ نو برسوں سے ٹیم کے کپتان ہیں جو بہت طویل عرصہ ہے ۔کیا آپ کو لگتا ہے کہ آئندہ چار برسوں تک یہ مزید ذمہ داری اٹھا سکتے ہیں۔وہ ٹیسٹ کرکٹ پہلے ہی چھوڑ چکے ہیں اور اب صرف ون ڈے اور ٹونٹی 20ہی کھیل رہے ہیں۔گانگولی نے ٹیم کے کسی نوجوان کھلاڑی کو کپتانی کی ذمہ داری دئے جانے کی پیروی کرتے ہوئے کہا کہ وراٹ وقت کے ساتھ بہتر ہوتے جارہے ہیں اور استقلال کے معاملے میں دنیا کے سب سے اچھے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔وہ ذہنی طورپر مضبوط ہیں اور میدان پر ان کا برتاؤاچھا ہے اور بطور ٹیسٹ کپتان بھی ان کا ریکارڈ اچھا رہا ہے ۔انہوں نے واضح الفاظ میں کہا سلیکٹرس کو خود ہی سوچنا ہوگا کہ کیا دھونی کو 2019تک ہندوستان کی کپتانی سنبھالنی چاہیے ۔اگر جواب نہ ہے تو نیا کپتان ڈھونڈیں اور اگر جواب ہاں ہے تو دھونی اپنی ذمہ داری جاری رکھ سکتے ہیں ۔ویسے مجھے اس بات پر کافی حیرانی ہوگی۔