گایوں کا بھی بنے گا آدھار کارڈ ،ٹریک کرنا ہوگا آسان

نئی دہلی، 24 اپریل (یو این آئی) ہند۔ بنگلہ دیش سرحد پر گایوں کی اسمگلنگ کے معاملے میں مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کو اپنی رپورٹ سونپ دی ہے جس میں گایوں کے لئے بھی آدھار کارڈ کی طرح خصوصی شناختی نمبر(یو آئی ڈی) کی سفارش کی گئی ہے ۔مرکزی حکومت نے عدالت عظمی کے سامنے پیش کردہ اپنی رپورٹ میں کہا کہ وہ گایوں کی اسمگلنگ روکنے اور ان کی حفاظت کے لئے سرگرم ہے ۔ حکومت نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری کی صدارت میں ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جس نے اس معاملے میں کچھ سفارشات دی ہیں۔رپورٹ کے مطابق وہ گایوں کے لئے بھی آدھار کارڈ جیسی اسکیم نافذ کرنا چاہتی ہے ۔ یو آئی ڈی جیسے نظم کے ذریعہ یہ پتہ لگایا جاسکتا ہے کہ متعلقہ گائے کس وقت کہاں پر ہے ۔ گایوں کو تلاش کرنے میں بھی مدد ملے گی۔مرکزی حکومت کا کہنا ہے کہ ہر گائے اور اس کی اولاد کو یو آئی ڈی دی جانی چاہئے تاکہ اسے آسانی سے ٹریک کیا جاسکے ۔ حکومت کاکہنا ہے کہ لاوارث جانوروں کی حفاظت او دیکھ بھال کی ذمہ داری خاص طور پر ریاستی حکومت کی ہے ۔ ہر ضلع میں ایسے جانوروں کیلئے 500کی صلاحیت والا ایک شیلٹر ہوم ہونا چاہئے ۔ اس سے جانوروں کی اسمگلنگ میں کافی حد تک کمی آئے گی۔حکومت کا ماننا یہ کہ بڑھتی عمر کی وجہ سے دودھ دینا بند کرنے والے جانوروں کا خاص دھیان رکھا جانا چاہئے کیوں کہ ایسے جانور ہندوستان سے باہر اسمگل ہوجاتے ہیں۔ہند۔ بنگلہ دیش سرحد پر گایوں کی اسمگلنگ کا معاملہ بہت پیچیدہ ہے ۔ مویشیوں کی اسمگلنگ سرحد پر فائرنگ کی بھی ایک اہم وجہ ہے ۔ مرکزی حکومت کے ذریعہ اس پر کافی سختی کی جارہی ہے جس سے اس پر پوری طرح قابو لگایا جاسکے ۔عدالت عظمی بھارت کرشی گؤ سیوا سنگھ کی عرضی پر سماعت کررہی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کی سرحد سے جانوروں کی بڑے پیمانے پر اسمگلنگ ہوتی ہے ۔ جس پر روک لگائی جائے ۔