گنڈک براج کا گیٹ ٹوٹا،دیارا کے وسیع تر علاقے زیر آب

پٹنہ 22جولائی (تاثیر بیورو): نیپال میں ہورہی زبردست بارش کے نتیجے میں پانی کا دباؤ بڑھنے سے بالمیکی نگر کے گنڈک براج کا ایک پھاٹک کل دیر رات ٹوٹ گیا۔ جس کے بعد گنڈک ندی میں اچانک 2لاکھ 70ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ بڑھ جانے سے دیارا کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ اس کے بعد دیارا کے لوگوں میں دہشت پھیل گئی اور لوگ جان بچانے کیلئے تیزی سے گھر چھوڑ کر بھاگنے لگے۔ انتظامیہ نے حالات کے پیش نظر سیلاب کنٹرول محکمہ کو الرٹ کرتے ہوئے پشتوں کی نگرانی بڑھانے کاحکم دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گنڈک ندی کی سطح آب میں اچانک اضافہ ہونے سے جمعہ کی شام تک ضلع کے 6 بلاکوں کے دیارا علاقے میں رہنے والے 28 گاؤں میں تیزی سے پانی داخل ہونے لگا ہے۔ ادھر گوپال گنج کے ضلع مجسٹریٹ راہل کمار نے براج کے گیٹ ٹوٹنے اورندی میں پانی کی سطح میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ کے تمام انجینئروں کو دن رات پشتوں کی نگرانی کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ ساتھ ہی پشتوں کی نگرانی کررہے اہلکاروں کوبھی ہر وقت چوکس رہنے کا حکم دیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نپٹا جاسکے۔ گنڈک براج کا گیٹ ٹوٹنے سے کوتراہا آبی حرارتی گھر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ براج پر آمدورفت بھی روک دی گئی ہے۔ مقامی انجینئروں نے ہیڈکوارٹر کو سسٹم فیل ہونے کی اطلاع دی ہے۔ حالانکہ ہیڈکوارٹر کی نظر میں فی الحال خطرے کی کوئی بات نہیں ہے۔ محکمہ آبی وسائل کے ذرائع نے بتایا کہ نیپال میں بارش کے نتیجے میں براج پر پانی کے بڑھتے دباؤ اور گیٹوں کی نازک حالت نے انجینئروں کی نیند اڑا دی ہے۔ گیٹ نمبر 5,24,22, 19.14 کی حالت پہلے سے ہی خراب ہے۔ اور گیٹ نمبر 33 کا ٹوٹنا حالات کو سنگین بنارہا ہے۔ پانی کا دباؤ زیادہ ہونے سے اسکاڈا نظام مکمل طور پر فیل ہے۔ گنڈک کے ساحلی علاقوں میں ندی کا پانی پھیلنے لگا ہے۔ فصل کو نقصان ہو رہا ہے۔ بھیتہا بلاک میں دلاری ریٹائر لائن کے 23.40 نقطہ واقع سیمرواری ٹھوکر پر دباؤ گہرایا ہے۔ اس ٹھوکر کے نچلے حصے میں کٹاؤ بھی شروع ہو گیا ہے۔لیکن محکمہ آبی وسائل کے پرنسپل سکریٹری کاکہنا ہے کہ گیٹ میں تھوڑی سی خرابی آگئی ہے جس کی مرمت کی جارہی ہے اور تشویش کی کوئی بات نہیں ہے۔