گنگا دسہرہ تہوار سے شروع ہو گی گنگا کو صاف کرنے کی وسیع مہم : یوگی

لکھنؤ، 20؍اپریل (آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ’نمامی گنگے پروجیکٹ‘کے تحت ریاست میں گنگا کی صفائی کے لیے آئندہ جون میں گنگا دسہرہ تہوار سے ایک وسیع مہم چلانے کی ہدایت دی ہے ۔یوگی نے کل رات ہوم گارڈس محکمہ کے پریزنٹیشن کے دوران کہا کہ ریاست میں گنگا کو صاف بنانے کے لیے نمامی گنگے منصوبے کے تحت آئندہ جون میں گنگا دسہرہ تہوار سے ایک وسیع مہم چلائی جائے اور اس میں کامیابی کے لیے ہوم گارڈس کے جوانوں کی مدد بھی لی جائے۔انہوں نے گنگا اور اس کی معاون ندیوں سے جڑے سبھی گاؤں کو کھلے میں قضائے حاجت سے آزاد کرنے کے مقصد سے نمامی گنگے پروجیکٹ سے فنڈ حاصل کرنے کے لیے ایک تفصیلی منصوبہ مرکزی حکومت کو فوری طور پر بھیجنے اور کھلے میں قضائے حاجت نہ کرنے کے تئیں شہریوں میں بیداری لانے کے لیے پیدل مارچ پروگرام منعقد کرانے کی ہدایات دی ۔وزیر اعلی نے کہا کہ آئندہ گنگا دسہرہ کی تاریخ کے آس پاس کسی دن کو گنگا دسہرہ کے موقع پر گنگا کے قریب تمام ترقیاتی ڈویژن کے پردھان اور گرام پنچایت کے نمائندوں کی وسیع کانفرنس منعقد کرائی جائے۔ریاست کے تمام گاؤں کے گھروں کو 2 ؍اکتوبر 2018تک بیت الخلاء کی سہولت سے لیس کرکے ریاست کو کھلے میں رفع حاجت سے آزاد بنانے کے لیے وسیع سطح پر ایکشن پلان بناکر کام کو پورا کرایا جائے۔وزیر اعلی نے ہوم گارڈوں کے جوانوں کو ڈیوٹی الاٹمنٹ کرنے میں شفافیت برتنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انہیں زیادہ سے زیادہ ڈیوٹی دی جائے۔قانون وانتظام کو چست درست بنانے میں ہوم گارڈمعاون ثابت ہوتے ہیں، ایسے میں ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔