گنگا کو بچانے کیلئے جامع پالیسی ضروری : نتیش کمار

پٹنہ 02 اپریل (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ واقع ’ویمرش‘ کانفرنس ہال میں محکمہ آبی وسائل کے ذریعہ ’مادھو چیتلے کمیٹی رپورٹ‘ پر وزیراعلیٰ نتیش کمار کے سامنے پرزنٹیشن دیا گیا۔ محکمہ کے پرنسپل سکریٹری ارون کمار سنگھ نے گنگا ندی میں ہورہے سیلٹ ڈپازٹ پر تشکیل مادھو چتیلے کمیٹی کی رپورٹ کے مختلف توضیعات کے سلسلے میں وزیراعلیٰ کے سامنے تفصیلات پیش کی۔ پرزنٹیشن کے موقع پر وزیراعلیٰ نے گنگا ندی میں ہورہے سیلٹ ڈپازٹ کے مختلف وجوہات اور ان کے تدارک پر بالتفصیل چرچہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلٹ ڈپازٹ کے ضمن میں جامع نیشنل سیلٹ مینجمنٹ پالیسی بنانا ضروری ہے۔ گنگا ندی کو بچائے رکھنے کیلئے ایسا کرنا بے حد ضروری ہے۔ گنگا ندی میں لگاتار سیلٹ ڈپازٹ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرخہ تک گنگا ندی کا سروے کرنے کے بعد ہی گنگا ندی کے ضمن میں جامع پالیسی بنائی جاسکے گی۔ پرزنٹیشن کے دوران چیف سکریٹری انجنی کمار سنگھ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری چنچل کمار ،سکریٹری اتیش چندرا اور منیش کمار ورما ،وزیراعلیٰ کے او ایس ڈی گوپال سنگھ اورمحکمہ کے چیف انجینئر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔