گنگا کی روانی اس کی صفائی کے بغیر ممکن نہیں : نتیش

نئی دہلی 18 مئی (تاثیر بیورو): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ گنگا کی روانی کو برقرار رکھے بغیر اس کی صفائی بھی ممکن نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ آج انڈیا انٹرنیشنل سنٹر نئی دہلی میں گنگا کی روانی میں حائل سیلٹ مسئلہ اور حل کے موضوع پرمنعقد دو روزہ قومی کانفرنس کے افتتاح کے بعد کثیر تعداد میں موجود ماہرین ماحولیات اور معزز افراد سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ آج گنگا ندی کی حالت دیکھ کر رونا آتاہے۔ ندی کی گہرائی میں جمع سیلٹ پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا کررہا ہے۔ سیلٹ سے بہت سارے سنگین مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ اس کا منفی اثر بہار کے ساتھ ساتھ دوسری ریاستوں پر بھی پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گنگا کی روانی میرے لئے کوئی سیاسی ایشو نہیں ہے۔ یہ بہار کے مفاد سے جڑامعاملہ بھی نہیں ہے، یہ قومی مسئلہ ہے،یہ قدرت اور ماحولیات سے جڑامسئلہ ہے۔ گنگا کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے کوئی سخت قدم اٹھانا ہی پڑے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ کانفرنس فروری میں پٹنہ میں منعقد کانفرنس میں پیش کئے گئے ماہرین کے مشوروں کی روشنی میں آگے کی کارروائی طے کرنے کیلئے طلب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ ماہرین ماحولیات اور سیلٹ سے متعلق مسائل کے حل کے طریقوں کو ڈھونڈیں تاکہ ندی بلارکاوٹ اپنا سفر طے کرسکے۔